مسلم لیگ ن کے رہنما سعد رفیق کہتے ہیں کہ عارف علوی کی کامیابی کا سہرا آصف علی زرداری کے سر ہوگا۔ آصف زرداری کا رویہ نا قابل فہم ہے، وہ عمران خان کے امدادی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
صدارتی انتخاب کے سلسلے میں ووٹ ڈالنے کے لیے پنجاب اسمبلی آمد کے موقع پر سعد رفیق نےمیڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کا رویہ ناقابل فہم ہے اور مجھےیہ معلوم ہےکہ آج اگر تحریک انصاف کا امیدوار جیتا ہےتو ذمےدار آصف زرداری ہونگے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما سعد رفیق نے اعتزاز احسن کو صدارتی امیدوار نامزد کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کو معلوم تھا کہ وہ ایک متنازع شخص کو امیدوار بنارہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'عارف علوی بھلے آدمی ہیں ان کی قدر کرتا ہوں، لیکن آصف علی زرداری کا رویہ ناقابل فہم ہے، آج اگر پی ٹی آئی کا امیدوار جیتا تو شیلڈ زرداری صاحب کو ملے گی۔
ن لیگ کے رہنما سعد رفیق نے کہا کہ ایک وقت تھا جب عمران خان کہتے تھے پیپلزپارٹی ن لیگ کی فرینڈلی اپوزیشن ہےاور آج پیپلز پارٹی، پی ٹی آیہ کی فرینڈلی اپوزیشن بن گئی ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں کہا گیا کہ مسلم لیگ (ن) کے ووٹ زیادہ ہیں، لہذا وزارت عظمیٰ کے لیے امیدوار آپ کا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی دھاندلی کو بے نقاب کرنے کا ایک موقع تھا، جس کو خراب کیا گیا۔