پاکستان میں جمہوریت کی بحالی کے لیےمادر جمہوریت بیگم کلثوم نواز کی خدمات کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا، یہ بات مسلم لیگ ن جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس نےبیگم کلثوم نواز کے حوالے سے ٹوکیو میں ہونے والی تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ اب یہ بات عدالت میں بھی ثابت ہونے جارہی ہے کہ میاں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کو ایک مفروضے کی بنیاد پر ناانصافی پر مبنی سزا سنائی گئی ،جس سے نہ صرف ن لیگ کو الیکشن میں شکست دلوائی گئی بلکہ میاں نواز شریف اور مریم نواز کو اپنی بیمار کلثوم نوازکو چھوڑ کر جیل میں جانا پڑا اور پھر ان کی موت کا غم دیکھنا پڑا، اس ناانصافی کا جواب حکمرانوں کو دینا ہوگا ۔ اس موقعے پرن لیگ جاپان کے سینئر رہنما مرزا اکرم نے کہا کہ ن لیگ اور میاں نواز شریف کو دیوار سے لگا کر حکمران طویل عرصے تک حکمرانی نہیں کرسکیں گے۔ انھیں عوام کی عدالت میں جواب دینا ہوگا اور فتح حق کی ہوگی ۔اس موقعے پر سیالکوٹ کے سینئر لیگی رہنما ملک یوسف نے ن لیگ اور میاں نواز شریف کے ساتھ ہونے والی زیادتی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کلثوم نواز کی وفات نے ایک بار پھر پورے ملک میں ن لیگ اور میاں نواز شریف اور مریم نواز کے لیے ہمدردیاں پیدا کردی ہیں ۔ اس موقعے پر ن لیگ جاپان کے سینئر نائب صدر ملک ریاض جیلانی نے کہا کہ محترمہ کلثوم نواز مادر جمہوریت تھیں، جنھوں نے مشرف کی آمریت کا تنہا مقابلہ کیا اور پاکستان میں جمہوریت کی داغ بیل ڈالی ۔ان کے ساتھ بستر مرگ پر الزامات کے ذریعے ہونی والی زیادتی سے دل خون کے آنسو رو رہا ہے ۔دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ محترمہ کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے ۔اس موقع پر پنجاب پولیس کے سینئر آفیسر چوہدری شاہد گھمن نے کلثوم نواز کی مغفرت اور اعلی درجات کے لیے خصوصی دعا کی ،جبکہ سینئر صحافی اور کشمیر یکجہتی فورم کے آرگنائزر شاہد مجید نے کہا کہ کلثوم نواز ایک کشمیری خاتون تھیں اور کشمیری عوام کے لیے خاص درد رکھتی تھیں ،ان کی خدمات زندگی بھر یاد رکھی جائیں گی ، تقریب کے آخر میں سینئر پاکستانی اصغر احمد نے کلثوم نواز کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے اجتمائی دعا کرائی۔
اس حوالے سے ایک اور اہم تعزیتی اجلاس چیبا کین میں منعقد ہوا، جسے مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی وفات پر ن لیگ جاپان کے سینئر رہنما حافظ شمس کی جانب سے منعقد کیا گیاتھا،اجلاس میں پاکستان سے آئے ہوئے معروف اداکار سہیل احمد نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی ، تقریب میں ن لیگ جاپان سمیت پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس میں کلثوم نواز کی مغفرت کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، اس موقع پر سینئر لیگی رہنما حافظ شمس نے محترمہ کلثوم نواز کی سیاسی جدوجہد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کلثوم نواز نے پاکستان میں جمہوریت کی بحالی کے لیے مشکل وقت میں ایک آمر کے سامنے ڈٹ کر جدو جہد کی اور ملک میں جمہوریت کی واپسی کی داغ بیل ڈالی ۔انھوں نے تین بار خاتون اول ہونے کے باوجود کبھی اپنی پوزیشن کا سیاسی فائدہ نہیں اٹھایا ۔وہ ایک درد دل رکھنے والی خاتون تھیں ۔ ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہونے والی سیاسی زیادتیوں کے باوجود ہمیشہ صبر کا دامن تھامے رکھا ۔حافظ شمس نے دعاکی کہ اللہ تعالی کلثوم نواز کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور ان کی اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔اس دعائیہ تقریب میں پاکستان کے معروف اداکار سہیل احمد عرف عزیزی نے بھی پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کیا اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی پاکستانی معیشت اور سیاست میں اہمیت پر روشنی ڈالی ۔
ایک اور اہم اجلاس سائی تامہ میں منعقد کیا گیا۔جس میں ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا کہ پاکستان میں حکومت گرانا آسان ہے لیکن چلانا مشکل ہے ہمارے مینڈیٹ کو چھین کراور تحریک انصاف کو حکومت کی باگ دوڑ دیکر پاکستان کو مشکل میں ڈالا گیا ہے۔ اس موقع پر ن لیگ جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت بحران کی کیفیت میں ہے حکومت کو پتا ہونا چاہے کہ چودہ ارب ڈالر کے ڈیم چندے سے نہیں بنا کرتے تاہم ڈیم پاکستان کے لیے ضروری ہیں اور ہم ڈیم بننے کی حمایت کرتے ہیں لیکن عوام کی چندے کی رقم کا پائی پائی کا حساب لیں گے۔