• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصنّف: پروفیسر ابوسفیان اصلاحی

صفحات: 256، قیمت: 350روپے

ناشر:سرسیّد یونی ورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، کراچی

یہ حقیقت کسی طور نظر انداز نہیں کی جا سکتی کہ پاکستان، بھارت اور بنگلادیش کے مسلمان، آج تعلیم، تہذیب و ترقّی کی جس منزل پر ہیں، اس کا سہرا سرسیّد احمد خان کی دور اندیشی، فکر و دانش کے سَر ہے۔ اس بطلِ جلیل نے ڈیڑھ صدی قبل برصغیر کے مسلمانوں کو پستی اور زوال سے نکالنے کے لیے جن عملی کوششوں کا آغاز کیا، علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی ان ہی کوششوں کا ثمر ہے۔ علی گڑھ یونی ورسٹی کے شعبۂ عربی سے وابستہ رہنے والے پروفیسر ڈاکٹر ابوسفیان اصلاحی نے سرسیّد احمد خان کے دوسو سالہ جشنِ ولادت کے موقعے پر جو اکتوبر 2017ء میں منایا گیا، یہ اہم کتاب تصنیف کی، جس میں انہوں نے نہایت عرق ریزی سے سرسیّد احمد خان کی زندگی کے مختلف پہلوئوں کو اُجاگر کیا۔ کتاب چھے ابواب پر مشتمل ہے، علاوہ ازیں سرسیّد کی مشہور تصنیف ’’خطباتِ احمدیہ‘‘ کا بَھرپور تجزیہ اور سر سیّد کے جاری کردہ جریدے ’’تہذیب الاخلاق‘‘ کی جلد اوّل اور دوم میں شایع ہونے والے سرسیّد کے تحریر کردہ اصلاحی اور اخلاقی مضامین کا جائزہ لیا گیا ہے۔ یہ جائزہ ’’تہذیب الاخلاق‘‘ اور سرسیّد کے اغراض و مقاصد کا آئینہ دار ہے کہ وہ کن کن خطوط کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے برصغیر کی ملّتِ اسلامیہ کی تعمیر و تاسیس کے خواہاں تھے۔ابوسفیان اصلاحی نے اس کتاب کے ذریعے سرسیّد احمد خان کی حیات اور خدمات کو نہایت مؤثر طریق پر بیان کیا ہے۔کتاب کی طباعت و اشاعت عُمدہ ہے اور قیمت بھی نہایت مناسب رکھی گئی ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین