گھر کا وہ سامان جو استعمال میں نہ آئے، اور نہ ہی اسے ضائع کرنا ہوتو اسے اسٹورروم میں محفوظ کردیا جاتا ہےلیکن کچن کراکری ایسی اشیا ہیں، جو باقاعدگی سے استعمال میں آتی ہیں اس لیے ان کی حفاظت کی جگہ اسٹورروم نہیں ہوسکتی۔۔ ہم میں سے کتنے ہی لوگ ایسے ہوں گے جو محدو د جگہ کے سبب شاندار اور اسٹائلش کچن کی تعمیر پر غور نہیں کرتے ۔لیکن اگر ہم یوں کہیں کہ آج کی ترقی کرتے اس دور میں سب ممکن ہےتو یہ کچھ غلط بھی نہیں۔ اگر آپ بھی کچن اسٹوریج سے متعلق پریشان ہیں تو یہ مضمون اسٹوریج سے متعلق آپکی راہنمائی کرے گا۔
کیبنٹ مختلف انداز میں
عام طور پر ہر کچن میں اسٹوریج کے لیے اوپری اور نچلے حصے میں کیبنٹس ضرور بنے ہوتے ہیں۔ آپ کچھ منفرد اسٹائل اپنائیں اور چاروں طرف کیبنٹری سسٹم بنوانے کا سوچیں۔ اگر آپ چاروںطرف کیبنٹس بنوانا نہیں چاہتے تو کسٹم کیبنٹری اسٹائل اپنائیں، جیساکہ کچن کے مرکز (جہاں کیبنٹ بنوانے ہو ں)یا پھر کارنر سائیڈ پر ورٹیکل اسٹائل میں کیبنٹری ترتیب دیں۔ یہ کیبنٹری عام کیبنٹ کی نسبت زیادہ خانوں پر مشتمل ہوتی ہے اور آپ ان خانوں میں کچن کا روزمرہ استعمال ہونے والا سامان ایک ساتھ ترتیب دے پائیںگی۔
کارنردرازیں
کارنر شیلف کی بات تو ہم اکثر و بیشتر ڈریسنگ روم یا لانڈری روم میں اسٹوریج کی غرض سے کرتے رہتے ہیں لیکن کارنر درازیں ایک نیا ٹرینڈ ہیں ۔جس کے تحت کچن میں موجود وہ جگہیں جنھیں کام میں نہیں لایا جاسکتا یا وہ جگہیں یانچلی سطحیں جوکیبنٹ کے لیے مناسب نہیں وہاں کارنر درازیں منتخب کریں۔ یہ درازیں عام طور پر گہری اور کشادہ ہوتی ہیں، جہاں آپ عام درازوں کی نسبت زیادہ سامان رکھ پائیں گی۔اپنے طور پر ایسی ایک دراز بنائیں، جس سے آپ آسانی سے اپنی چیزوں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
کم جگہ پر تخلیقی ڈائننگ ٹیبل
چھوٹے گھروں میںڈائننگ روم کی تعمیر کسی خواب سے کم نہیں لیکن ڈائننگ ٹیبل کچھ مشکل بھی نہیں، ڈائننگ ٹیبل کو کاؤنٹر ٹاپ کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس اصول کے تحت چولہوں کے کاؤنٹر کا استعمال بھی کیا جاسکتا ہے۔
رولنگ کیبنٹ
چھوٹی جگہوں یا گھروں میں ایسی چیزیں استعمال کی جائیں جو کثیر المقاصد ہوں مثلاً جو کم جگہ گھیرتی ہوں اور مختلف مقاصد کے لیےاستعمال کی جاسکتی ہوں۔ رولنگ کیبنٹ ایک بہترین آئیڈیاہے، ایک ایسا کیبنٹ کاؤنٹر بنوائیں جسے آسانی سے ایک جگہ سے دوسری جگہ شفٹ کیا جاسکے۔ اس کے لیےکیبنٹ سسٹم میںچھوٹے چھوٹے ٹائر لگوائے جاسکتے ہیں، اس رولنگ کیبنٹ کی لمبائی آپ کے کچن کاؤنٹر سے چھوٹی ہونی چاہیے تاکہ وہ آسانی سے اس میں سما سکے اورکام کے دوران اسے بآسانی نکالا جاسکے۔ رولنگ کیبنٹ کے لیے آئیڈیا آئرلینڈ کچن سے بھی لیا جاسکتا ہے۔
اپلائنسز گیراج
چھوٹے کچن میں کوشش کی جائے کہ سامان کیبنٹس سے باہر نہ رہے۔ کچن میں ہر سامان کے لیے چھوٹاہی سہی لیکن مناسب انتظام موجود ہو، مثال کے طور پر اکثر گھروں میں کچن اپلائنسز مثلاً جوسر ،اوون ،بلینڈر وغیرہ باہر کاؤنٹر ٹاپ پر رکھے نظر آتے ہیں ۔کچن کا ایک کیبنٹ ان اشیا کے لیے مختص کریں اور کوشش کریں کہ یہ کیبنٹ بغیر خانوں کے ہو، تاکہ بڑاسامان بھی بآسانی آجائے ۔
اوپن شیلف
جن جگہوں پر کیبنٹ بنوانا مشکل ہو اور آپ کو محسوس ہو کہ جگہ تنگ ہےوہاں اوپن شیلف بنوائیں۔ اس حصے کے لیے لکڑی کی شیلف کے بجائے اسٹین لیس اسٹیل کی شیلف کا استعمال کریں، اس ایریا کو آپ ڈیکوریشن پیسز یا پھرپودوں کے لیے مخصوص کرسکتی ہیں۔
چھت نظر انداز نہ کریں
اکثر گھروں میں چھت کو نظر انداز کردیا جاتا ہے، کیا آپ بھی اوپری سطح کی شیلفوں کے امکان کو نظر انداز کرتے ہیں؟ اگر ایسا ہے تو آپ اب ایسا نہ سوچیں! خصوصی ہینڈل کے ساتھ اوپری سطح پر کیبنٹ بنوائیں اور یہ کیبنٹ آسانی سے کھلنے والی ہوں، تاکہ زیادہ سامان ذخیرہ کیا جاسکے۔
کچھ ہینگ کرنے کیلئے
کچن میں بہت سی چیزیں ایسی بھی ہوتی ہیں جنہیںترتیب سےرکھنے کےبجائےلٹکانے سےزیادہ سہولت رہتی ہے۔ اس لیے کچن کی کچھ جگہوںپرہینگرزکا استعمال ایک منفرد طریقے سے کریں۔ ان میں آپ پلاسٹک یا شیشے کےجار رکھ سکتے ہیں، جو آپکو ہر وقت استعمال کرنا ہوتے ہیں۔ یہ کوئی ریک یا کیبنٹ نہیں ہے لیکن یہ ایک بہترین اسٹوریج ہے۔