اقوام متحدہ کے سربراہ نے گمشدہ سعودی صحافی جمال خاشقجی سے متعلق حقائق سامنے لانے کا مطالبہ کردیا، جبکہ سعودی عرب نےجمال خاشقچی کوقتل کرنے کا ترک حکام کا الزام جھوٹ قرار دے دیا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوئٹریس کا کہنا تھا کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی کےحقائق سامنے لائے جائیں، خدشہ ہے یہ گمشدگیاں مزیدہوں گی اور یہ نیامعمول رائج ہو جائے گا۔
سعودی صحافی جمال خاشقجی 2 اکتوبر کو استنبول میں سعودی قونصل خانہ جانے کے بعد سے لاپتا ہیں، ترک حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے پاس ایسے آڈیو اور ویڈیو ثبوت موجود ہیں جن سے ثابت ہوجائےگا کہ جمال خاشقجی کو استنبول میں سعودی قونصل خانے کے اندر قتل کیا گیا ہے۔
سعودی عرب نے ترکی کے الزام کو جھوٹ قرار دے دیا، سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے کہا ہے کہ خاشقجی کے قتل کاحکم دینے کے الزامات بے بنیاد اور جھوٹے ہیں۔
ترکی نےخاشقجی کی گمشدگی کی تحقیقات کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کیا ہے جس میں شرکت کے لیے سعودی وفد گزشتہ روز ترکی پہنچ چکا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق سعودی شاہی شخصیت شہزادہ خالد الفیصل نے گزشتہ روز ترکی کا مختصر دورہ کیا، سعودی شاہی خاندان دونوں ممالک کےدرمیان سفارتی بحران کاجلد از جلد حل چاہتاہے۔