راولپنڈی (نمائندہ جنگ) میئر راولپنڈی سردار نسیم خان نے کہا ہے کہ شہر سے تجاوزات کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ عدالت عالیہ نے بھی اس حوالے سے جو حکم دیا ہے اس پر عمل کریں گے تاہم افرادی قوت اور مشینری کی کمی ہر بار ہمارے لئے رکاوٹ بن جاتی ہے اس کے باوجود کوشش ہوگی دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر اس لاقانونیت کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے چالیس سال پرانی تین گاڑیاں اتنے ہی انسپکٹر اور سولہ لوڈر ہیں جن کی مدد سے 46یونین کونسلوں سے تجاوزات کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ بہت مشکل ہے۔ ایک طرف کارروائی کرتے ہیں تو دوسری رف پھر تجاوزات ہو جاتی ہیں اس کے علاوہ پولیس نفری ہمراہ نہ ہونے کی وجہ سے مافیا ادارے کے ملازمین پر حملہ آور بھی ہو جاتا ہے جس کی کئی مثالیں موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ نئی گاڑیاں خریدنے اور عملہ بھرتی کرنے پر پابندی ہے ہم نے سابق اور موجودہ پنجاب حکومت کو متعدد بار تحریری طور پر استدعا کی ہے کہ ہمیں اپنے وسائل سے گاڑیاں خریدنے کی اجازت دی جائے اس مقصد کیلئے ہم نے اپنے بجٹ میں رقم بھی مختص کر رکھی ہے مگر اجازت نہ ملنے کی وجہ سے ہم نئی گاڑیاں نہیں خرید سکتے ہیں اور پرانی گاڑیاں اس قابل نہیں کہ ہمارے مقاصد پورے کر سکیں۔ تجاوزات کیخلاف کارروائی کیلئے عارضی بنیادوں پر بھی عملہ رکھنے کی اجازت نہیں مل رہی اگر عملہ اور گاڑیاں ملنے کے ساتھ ساتھ انتظامیہ پولیس فورس بھی مہیا کر دے تو شہر میں تجاوزات کیخلاف بھرپور آپریشن ممکن ہے۔