اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہبازنے کہا ہےکہ ضمنی الیکشن کےنتائج نے بتادیا کہ عمران خان نئے پاکستان کا مقدمہ ہار گئے۔
پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاج سے خطاب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں عوام نے ان کا کھلنڈرا پن مسترد کردیا ہے، جعلی حکومت اپنے ہی فیصلوں تلے دب کر زمین بوس ہوجائے گی ۔
ان کا کہناتھاکہ نیازی صاحب لوگوں کو روزگا دے نہیں سکتے تو چھینیں بھی مت ،پاکستانی معیشت کا بھٹہ بیٹھ رہا ہے ،یہ کھلاڑی نہیں اناڑی ہیں ، ملک ایسے نہیں چلتے ۔
قوم اسپیکر پنجاب اسمبلی کا تماشا دیکھ رہی ہے ، اسپیکر صاحب ،آپ جتنا مرضی شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بن جائیں ، آپ کی دال گلنے والی نہیں ۔
حمزہ شہباز نے یہ بھی کہا کہ نیازی صاحب کہتے ہیںاپوزیشن میں مجرم بیٹھے ہیں ،انہیں اپنے گریبان میں جھانکنا پڑے گا،وہ مجرم اپنی کابینہ میں ڈھونڈیں ، پنجاب کابینہ میں قبضہ گروپ کو تلاش کریں ۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ہم انتظار کریں گے کہ آپ کے دعوے ایک ایک کرکے جھوٹے ثابت ہوں ،آپ نے ڈیڑھ ماہ میں سب سے اچھا کام یہی کیا کہ بھینسیں نیلام کیں۔
ان کا کہناتھاکہ بجٹ میں امن عامہ کے لیے رقم اونٹ کے منہ میں زیرے کےبرابر ہیں، انہوں نے کوئی نیا منصوبہ نہیں رکھا ، انہیں سمجھنا ہوگا ملک چندوں سے نہیں چلتے۔
حمزہ شہبازشریف نے کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کو وارننگ دیتا ہوں کہ میرے خلاف جو قرارداد پیش کی ہے ،ہم آپ کو معاف نہیں کریں گے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ آج یا کل ہم سب کو مل بیٹھنا ہے ،جب تک ہمارے معطل ارکان کو بحال نہیں کیا جاتا ہم اجلاس میں نہیں بیٹھیں گے ۔
ان کا کہناتھاکہ پرویز الٰہی صاحب آپ پنجاب بینک کے ڈاکے کا داغ نہیں دھوسکتے ،کرسی پر بیٹھنے والا نہیں دلوں پر حکومت کرنے والا وزیراعظم ہوتا ہے۔