لاہور( خالد محمود خالد) بھارتی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس رنجن گوگوئی کو اس وقت سخت پریشانی کا سامنا کر نا پڑا جب وہ آسام کے شہر گوہاٹی میں درگا پوجا کے موقعہ پر مذہبی رسومات ادا کرنے اپنی اہلیہ کے ہمراہ معروف کماکھیا مندر میں گئے تو وہاں بی جے پی کے صدر امیت شاہ آسام کے وزیراعلیٰ سرب آنند سونو وال کے ہمراہ پہلے ہی مندر میں موجود تھے جس کی وجہ سے انہیں مندر کے باہر عوام کی بھیڑ میں تقریباً ایک گھنٹہ انتظار کرنا پڑااور انہیں دھکم پیل کا سامنا کرنا پڑا۔وزیر اعلیٰ نے چیف جسٹس کو ہونے والی اس پریشانی کا سختی سے نوٹس لے لیا اور وی آئی پی پروٹوکول ، نامناسب رویہ اور ناقص سیکیورٹی انتظامات کے الزامات میں تین اعلیٰ پولیس افسران کو معطل کر دیا۔ان میں ایک ڈپٹی کمشنر اور دو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس شامل ہیں ۔ ان کی معطلی کے نوٹ میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ انہوں نے رش والی جگہ پر وی آئی پی گاڑی کے لئے روڈ کو بھی کلئیر نہیں کیا اور نہ ہی چیف جسٹس کو سیلوٹ کیا۔