کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کوارٹرز آپریشن کے معاملے پر وفاق اور سندھ حکومت آمنے سامنے آگئے، سولجر بازار کے علاقے میں واقع پاکستان کوارٹرز خالی کرانے کی ممکنہ کارروائی کے خلاف مکینوں نے احتجاج کیا ، جبکہ پولیس نے انہیں منتشر کرنے کیلئے شیلنگ کی اور لاٹھی چارج کیا، اس دوران علاقہ میدان جنگ بن گیا پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم کےنتیجے میں خواتین و بچے سمیت متعددشہری زخمی ہوگئےجبکہ مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ سے پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔ جبکہ پاکستان کوارٹرز میں آپریشن پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے رابطہ کیا جس پر چیف جسٹس نے آپریشن 3 ماہ تک مؤخر کرنے کی ہدایت کردی۔علاوہ از یں وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات و قانون اور اینٹی کرپشن مرتضیٰ وہاب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کوارٹرز کی زمین وفاقی حکومت کی ملکیت ہے۔مکینوں کو سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کی روشنی میں کوراٹرز خالی کرنے کے لئے کہا گیا ہے، لیکن پولیس کا تشد د اور لاٹھی چارج اور واٹر کینن سے عام شہریوں کو مارنا ناقابل مذمت ہے۔وزیر اعلی سندھ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی پولیس ڈاکٹر عامر شیخ کی زیر نگرانی ایک تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دیدی ہے۔تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح تقریبا ساڑھے 10 بجے پولیس کی بھاری نفری لیڈی اہلکاروںسمیت علاقے میں پہنچ گئی جنہیں دیکھ کر مظاہرین نے پاکستان کوارٹرز کا مرکزی دروازہ بند کردیا اور سامنے آکر کھڑے ہو گئے پولیس نے صورتحال کو دیکھتے ہو ئے اضافی نفری کے ساتھ واٹر کینن اور شیلنگ گن دستہ بھی طلب کرلیا،پولیس اور مکینوں کے درمیان کچھ لمحے مذاکرات بھی ہو ئے لیکن اس دوران مکین مشتعل ہوگئے اور شدید نعرے لگائے ،پولیس نے مشتعل مظاہرین کو راستے سے ہٹانے کے لیے بھرپور طاقت کا استعمال کرتے ہوئے بدترین لاٹھی چارج اور شیلنگ کے ساتھ ہوائی فائرنگ شروع کردی، لاٹھی چارج و شیلنگ کے باعث مظاہرین میں بھگدڑ مچ گئی اور درجنوں خواتین و بچوں سمیت مظاہرین زمین پر گرنے اور اندھا دھند لاٹھی چارج کے نتیجے میں شدید زخمی ہوگئے جبکہ متعدد مظاہرین و علاقہ رہائشیوں کی آنسو گیس کے باعث حالت غیر ہو گئی ،پولیس اور مظاہرین میں آنکھ مچو لی کے باعث علاقہ میدان جنگ بن گیا اور اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک معطل ہو نے کے ساتھ بد تر ین ٹریفک جام بھی ہوگیا،دوسری جانب مظاہرین کے زخمی یا بے ہوش ہو نے کی اطلاع پر امدادی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور فوری طور پر بے ہوش یا زخمی افراد کو اٹھا کر اسپتال منتقل کیا جانے لگا، پولیس نے مزید مزاحمت کے خدشے کے پیش نظر خصوصی تربیت یافتہ اینٹی رائٹس فورس کے اہلکاروں کو بھی طلب کرلیا جنہوں نے مظاہرین کو طاقت کے استعمال سے کچلنے کی کوشش کی جس پر مظاہرین مزید مشتعل ہو گئے اور پولیس پر پتھراؤ شروع کردیا،جس کے نتیجے میں 4پولیس اہلکار زخمی ہو ئے جنہیں سول اسپتال منتقل کیا گیا۔