• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق صدر پرویز مشرف کے مرض کی تشخیص، مکمل صحتیابی میں 6 ماہ درکار

لندن (جنگ نیوز) سابق صدر پاکستان جنرل (ر) پرویز مشرف کے مرض کی تشخیص کرلی گئی ہے اور ان کی مکمل صحت یابی میں چھ ماہ تک لگ سکتے ہیں، جس کے بعد وہ اپنی معمول کی سرگرمیوں کا آغاز کرسکیں گے۔ آل پاکستان مسلم لیگ برطانیہ و یورپ کے سربراہ افضال صدیقی نے ’’جنگ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے حالیہ لندن میں قیام کے دوران مختلف ٹیسٹ وغیرہ ہوئے اور کنسلنٹنس کے ساتھ ملاقاتیں بھی ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ پرویز مشرف کو ’’امیولو ڈوئسز‘‘ کی بیماری ہے جوکہ بون میرو میں ’’بروکن پروٹین‘‘ پیدا ہونے سے بنتی ہے، جس کے سبب اعصاب متاثر ہوتے ہیں۔ افضال صدیقی نے کہا کہ اعصاب کی کمزوری کے سبب پرویز مشرف کو چلنے پھرنے اور کھڑے ہونے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروکن پروٹین جسم کے کسی بھی اعضا کو متاثر کرسکتے ہیں۔ اس سے خون کی رگیں بھی تنگ ہوتی ہیں، جس سے دل یا دماغ کا عارضہ بھی ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز نے مرض کی تشخیص کے بعد علاج شروع کردیا ہے اور اب یہ مرض کنٹرول میں ہے۔ تاہم جو بروکن پروٹین جسم میں جمع ہوچکے ہیں، اس کے اثرات نمایاں ہیں اور انہیں ختم کرنے میں کچھ وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم پرویز مشرف کی جلد صحت یابی کے لئے دعائیں کریں۔

تازہ ترین