لاہور (نیوز رپورٹر) محکمہ موسمیات نے لاہور اور گوجرانوالہ میں نومبر میں سموگ کی پیشگوئی کر دی۔ چیف میٹریولوجسٹ محمد ریاض نے بتایا کہ تاحال سموگ کی صورتحال کا سامنا نہیں ہے تاہم، بھارت میں سموگ کے بادل بننا شروع ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے آئندہ چند دنوں میں گوجرانوالہ اور لاہور میں بھی سموگ کے بادل بن سکتے ہیں۔ چیف میٹریولوجسٹ نے کہا کہ گزشتہ سال اکتوبر میں سموگ شروع ہو گئی تھی لیکن اس بار حکومتی اقدامات اور موسمیاتی صوتحال کی وجہ سے تاحال سموگ نہیں بنی مگر بارش نہ ہوئی تو اگلے مہینے سموگ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔