• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناشپاتی، ایک ایسا پھل ہے، جو شکل میں امرود سے مشابہ مگر کھٹامیٹھا ہوتا ہے اور سیب کا سستا متبادل خیال کیا جاتا ہے۔ اس کا درخت بیج سے پیدا نہیں ہوتا بلکہ اس کی جڑوں سے نئی کونپلیں پھوٹتی ہیں ،جنہیں پیوند کیا جاتا ہے۔ ناشپاتی دنیا میں لاکھوں سال سے پیدا ہورہی ہے۔ یہ زیادہ دیر تک خراب نہ ہونے والا پھل ہے۔ تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ اس کی سب سے پہلے چین اور مشرق وسطیٰ میں کاشت کی گئی۔ 

اس وقت امریکی ریاست اوریگن اور واشنگٹن میں اس کی پیداوار سب سے زیادہ ہے، جہاں 1600سے زیادہ کاشتکار ناشپاتیاں اُگاتے ہیں۔ چینی تاجر 120سے170قبل مسیح میں اسے پہلی مرتبہ امرتسر کے گاوں ہرساچینا سےلائے تھے۔ اسے پنجاب میں ”پتھر نخ“ کے نام سے جانا جاتا ہے اوریہ ریاست کی نقد آور فصل ہے۔یوپی اور ہما چل پردیش میں اسکا نام” گولا پیئر“ ہے۔ پاکستان میں اس کا سیزن گرمی کے آخر سے موسم سرما کے آغاز تک رہتا ہے۔

کہا جاتا ہے کہ روزانہ ایک سیب کھانا ڈاکٹر سے دور رکھتا ہے، اسی طرح ایک ناشپاتی روز کھانا بھی مختلف امراض سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔اسی لیے اسے سیب کا ”قریبی کزن“ قرار دیا جاتا ہے۔ فائبر، پوٹاشیم اور دیگر اہم اجزا سے بھرپور یہ پھل کم کیلوریز کے ساتھ جسم کو مختلف اینٹی آکسیڈنٹس بھی فراہم کرتا ہے۔ ناشپاتی کے مختلف فوائد درج ذیل ہیں۔

جسمانی توانائی میں اضافہ

ناشپاتی میں موجود گلوکوز کی مقدار کمزوری کی صورت میں فوری توانائی فراہم کرتی ہے، یہ گلوکوز بہت جلد جسم میں جذب ہوکر توانائی میں ڈھل جاتاہے۔

کولیسٹرول میں کمی

ناشپاتی میں فائبر وافر مقدار میں ہوتا ہے، جو جسم کے نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں کمی لاکر امراض قلب سے تحفظ دیتا ہے۔ اسی طرح فائبر سے بھرپور غذائیں جیسے ناشپاتی کو روزانہ کھانا فالج کا خطرہ بھی 50 فیصد تک کم کردیتا ہے۔

کینسر سے تحفظ میں مدد

ناشپاتی میں موجود فائبر ایسے خلیات کی روک تھام کرتا ہے، جو آنتوں کے کینسر کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق روزانہ ایک ناشپاتی کھانا خواتین میں چھاتی کے سرطان کا خطرہ 34فیصد تک کم کرسکتا ہے۔

وزن میں کمی

جو لوگ ناشپاتی روزانہ کھاتے ہیں ان کے موٹا ہونے کا امکان 35 فیصد کم ہوتا ہے۔ امریکا کی لوزیانہ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ناشپاتی فائبر اور وٹامن سی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے، جو جسمانی وزن میں کمی لانے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ ناشپاتی میں کیلوریز بہت کم ہیں اوراس سے وزن کم کرنے میں بہت مدد ملتی ہے۔ یہ آپ کا پیٹ کافی دیر تک بھرا ہوا رکھتی ہے کیونکہ اس میں فائبر زیادہ ہوتا ہے۔ اسکے نتیجے میں قبض بھی نہیں ہوتا اور نظام ہضم درست رہتا ہے کیونکہ یہ آنتوں کے افعال کو بہتر کرتا ہے۔

ہڈیوں کیلئے بہترین

آج کل ہڈیوں کے امراض کافی عام ہوچکے ہیں، اگر ہڈیوں کو صحت مند رکھنا چاہتے ہیں اور بھربھرے پن کے مرض سے بچنا چاہتے ہیں تو ماہرین طب کی تجویز کردہ روزانہ کی کیلشیم کی مقدار کھانا بہت ضروری ہے جبکہ ہائیڈروجن کی سطح کو متوازن رکھنا بھی اہمیت رکھتا ہے، ناشپاتی کیلشیم کو جسم میں آسانی سے جذب ہونے میں مدد دینے والا پھل ہے۔

جسمانی خلیات کا تحفظ

ناشپاتی میں وٹامن سی، وٹامن کے اور کاپر جیسے اجزا موجود ہوتے ہیں، جو جسمانی خلیات کو نقصان پہنچانے والے مضر عناصر کی روک تھام کرکے جِلد کی صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔

حمل میں فائدہ مند

فولک ایسڈ حاملہ خواتین کے لیے بہت اہم ہے تاکہ بچے پیدائشی معذوری سے بچ سکیں۔ ناشپاتی میں بھی فولک ایسڈ موجود ہے اور دوران حمل اس کا استعمال مفید ثابت ہوتا ہے۔

دل کے امراض سے تحفظ

اس پھل میں سوڈیم اور پوٹاشیم بھی ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں دل کے امراض سےبچنے میں مدد ملتی ہے۔ ناشپاتی کھانے سے خون کی گردش بہتر ہوتی ہے اور یوں دل کے مسلز مضبوط ہوتے ہیں۔

بخار سے تحفظ

یہ پھل تاثیر میں ٹھنڈا ہوتا ہے اور یہ ٹھنڈک بخار کے علاج میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

جِلد کیلئے بہترین

مغربی ممالک میں خاص طور پر ناشپاتی جِلد کو ترو تازہ اور صحت مند رکھنے کیلئے بہت زبردست ٹانک خیال کی جاتی ہے۔ خشک اور روکھی پھیکی جِلد کی حامل خواتین اسے خاص طور پر استعمال کرسکتی ہیں۔

بالوں کو گرنے سے روکے

ناشپاتی سے تیل بھی کشید کیاجاتا ہے۔اس کے استعمال سے حیرت انگیز فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ یہ تیل بالوں کے لیے فائدہ مند ہے اور بالوں کو گرنے سے روکتا ہے۔

تازہ ترین