جاپان کی معروف کاروباری و سماجی تنظیم پاک جاپان بزنس کونسل نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کو ڈیم فنڈز کے لیے جاپان کے دورے کی دعوت دے دی ہے اور کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس نے پاکستانی قوم کے مستقبل کے لیے جو بیڑا اٹھایا ہے اس میں پوری قوم کو بڑھ چڑھ کا حصہ لینا چاہئے۔
اس حوالے سے پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے کہا ہے کہ وہ اس فنڈ ریزنگ تقریب کے لیے بہترین تقریب کا انتظام کریں گے جس میں جاپان کی معروف پاکستانی کاروباری شخصیات کو دعوت دی جائیگی اور وہ خود اس بات کی ضمانت دیتے ہیں کہ اس فنڈ ریزنگ تقریب میں بھاری تعداد میں فنڈز جمع کیے جائیں گے جو کئی ملین ڈالر تک ہوسکتے ہیں۔
عابد حسین نےکہا کہ وہ اپنی جانب سے سپریم کورٹ ڈیم فنڈ کے لیے ایک لاکھ ڈالر کا اعلان کرتے ہیں ۔
چیف جسٹس کو خصوصی خط بھی تحریر کیاگیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ الحمد اللہ ہمارا سپریم کورٹ کے حکام سے رابطہ ہوگیا ہے اور اب جاپان میں فنڈ ریزنگ کی تفصیلات کو حتمی شکل دے رہے ہیں ۔
جاپان میں ڈیم فنڈ کے لیے خصوصی تقریب دسمبر کے آخری ہفتے میں منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس میں صرف ان پاکستانی شہریوں ، پاکستانی کمپنیوں اور جاپانی کمپنیوں کو دعوت دی جائے گی جو نقد رقم کی صورت میں فنڈ کی رقم براہ راست چیف جسٹس صاحب کو پیش کرنا چاہتے ہیں ۔
جاپان کے ڈیم فنڈ کی تقریب سیون اسٹار ہوٹل میں منعقد کی جائے گی جس میں صرف اور صرف حقیقی طورپر ڈیم فنڈ میں فنڈز دینے والے ہی آسکیں گے اور براہ راست چیف جسٹس سے ملاقات کرکے فنڈ دے سکیں گے ۔
ڈیم فنڈ کو تین کیٹیگری میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں انفرادی سطع پر کم از کم سو مان یعنی دس لاکھ ین ، کمپنی سطع پر کم از کم پچیس لاکھ ین اور بڑی کمپنی یا ملٹی نیشنل جاپانی کمپنی پچاس لاکھ ین تک دے سکیں گی تاہم زیادہ سے زیادہ کی کوئی حد نہیں ہے لیکن ہم یہ یقین دلاتے ہیں کہ آپ کی تمام رقم براہ راست چیف جسٹس صاحب کے ہاتھوں تک پہنچے گی جہاں سے نیشنل بینک جاپان کے زریعے ڈیم فنڈ میں منتقل کردی جائے گی۔
اس تقریب میں نیشنل بینک پی آئی آے اور سفارتخانے کے اعلی ترین حکام بھی شریک ہونگے ۔
پاک جاپان بزنس کونسل تمام پاکستانیوں کو دعوت دیتی ہے کہ پاکستان میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں یہ صدقہ جاریہ ہے آپ کی آخرت کے لیے اس سے بہتر سرمایہ کاری اور کوئی ہو نہیں سکتی اس لیے زیادہ سے زیادہ لوگ اپنے آپ کو اس تقریب میں شرکت کےلیے رجسٹرڈ کرائیں اور چیف جسٹس صاحب کا ساتھ دیں ۔
پاک جاپان بزنس کونسل کا یہ وعدہ ہے کہ آپ کا دیا ہوے ایک ین کا بھی غلط استعمال نہیں ہوگا، تمام افراد براہ راست چیف جسٹس صاحب سے مل کر انھیں فنڈ دے سکیں گے جبکہ سیون اسٹار ہوٹل کے تمام اخراجات پاک ان بزنس کونسل برداشت کرے گی ۔
خط میں کہا گیا کہ بطور صدر پاک جاپان بزنس کونسل اور پاکستانی کاروباری شخصیت ہونے کے ناتے میں رانا عابد حسین سپریم کورٹ کے ڈیم فنڈکے لیے ایک لاکھ ڈالر کا اعلان کرتا ہوں جو اسی تقریب میں چیف جسٹس آف پاکستان جناب ثاقب نثار کو پیش کیے جائیں گے ۔