کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود میں درپیش تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات منگل کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور کراچی یونین آف جرنلسٹس کے ایک خصوصی وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں پی ایف یو جے کے صدر جی ایم جمالی ، نائب صدور، علی کاظم، شہربانو، کے یو جے کے صدر حسن عباس، ایپنک کے شکیل یامین کانگا، اور رانا یوسف موجود تھے۔اس موقع پر چیف جسٹس کو بتایا گیا کہ مختلف میڈیا ہاؤسز سے صحافیوں کو جبری طور پر نکالنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ واجبات کی ادائیگی میں بھی حیلے بہانے کیئے جارہے ہیں۔ وفد کی درخواست پر چیف جسٹس نے کہا کہ یہ مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے۔ملاقات کے دوران چیف جسٹس کو بتایا گیا کہ کراچی سمیت ملک بھر کے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے مختلف منصوبے ہیں تاہم ان میں کچھ رکاوٹیں ہیں۔ چیف جسٹس نے صحا فیو ں کے مسائل کے حل کیلئے اب تک کی کاوشوں کے بارے میں وفد کو تفصیلی طور پر آگاہ کرتے ہوئے مسائل کے مکمل حل کا یقین دلایا۔