پرانے زمانے میں کلونجی کا استعمال بہت عام تھا، کیونکہ پرانے زمانے کے لوگ اس کی افادیت سے باخبر تھے۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ دور جدید کے مقابلے میں، جب انسانی زندگی مشینی بن کر رہ گئی ہے اور لوگوں نے بشمول اپنی صحت کو برقرار رکھنے کے، مصنوعی چیزوں کا سہارا لینا شروع کردیا ہے، ماضی میں لوگ دیسی چیزوں کو ترجیح دیتے تھے۔ کلونجی ایسی ہی ایک انتہائی مؤثر دیسی چیز ہے، جس کے فوائد سے بہت کم لوگ آگاہ ہیں۔
کلونجی کیا ہے؟
کلونجی ایک خاص قسم کی گھاس کا بیج ہے، اس کا پودا سونف سے مماثلت رکھتا ہے اور ایک فٹ سے زائد اونچا ہوتا ہے۔ انگریزی زبان میں کلونجی کو Nigella-Seedکہا جاتا ہے۔ اس کے پھول زردی مائل، بیجوں کا رنگ سیاہ اور شکل پیاز کے بیجوں سے ملتی ہے۔ اسی بناء پر کچھ لوگ اسے پیاز کا بیج سمجھتے ہیں۔ کلونجی کی پیداوار کے لیے بھارت، بنگلادیش اور ترکی خاص طور پر شہرت رکھتے ہیں۔ کلونجی کے بیجوں میں فاسفورس، آئرن اورکار بوہائیڈریٹ کے مرکبات شامل ہوتے ہیں۔
کلونجی کی افادیت
سنت نبوی ﷺ سے بھی کلونجی کے استعمال اور اس کے فوائد ثابت شدہ ہیں۔ اسے سالن میں ڈالا جائے تو یہ کھانوں کا ذائقہ بڑھاتی ہے۔ تاہم اس کے فائدے صرف ذائقہ بڑھانے تک محدود نہیں۔ کلونجی کے سیاہ بیج متعدد طبی فوائد کے حامل ہیں، جس کی وجہ ان میں موجود وٹامنز، امینو ایسڈز، پروٹینز، فیٹی ایسڈز ، آئرن، پوٹاشیم، کیلشیم اور متعدد دیگر اجزا کی موجودگی ہے۔
کیا آپ کو ہائی بلڈ پریشر کی شکایت ہے؟
آج کل لوگوں میں ہائی بلڈ پریشر کی شکایت عام ہوتی جارہی ہے۔ اگر آپ ہائی بلڈ پریشر کا شکار ہیں تو آدھا چائے کا چمچ کلونجی کا تیل گرم پانی میں ملا کر پینا اپنی عادت بنالیں، اس سے آپ کو ہائی بلڈ پریشر کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔
ذیابطیس کیخلاف مفید
ذیابطیس آج کے دور کا ایک اور بڑا مسئلہ ہے۔ اگر کوئی ذیابطیس کے مرض میں مبتلا ہے تو کلونجی کے تیل کے ذریعے اسے کنٹرول میں رکھا جاسکتا ہے۔ ہر صبح ایک چائے کا چمچ کلونجی کا تیل ایک کپ سیاہ چائے میں ملا کرپئیں، چند ہفتوں میں نمایاں فرق کو محسوس کیا جاسکے گا۔ ذیابطیس کو قابو میں رکھ کر آپ اچھی زندگی گزار سکتے ہیں۔
بال مضبوط بنائے
ہماری غذائیں اور لائف اسٹائل ایسا ہوگیا ہے کہ ہر شخص بالوں کی کمزوری اور جھڑنے کی شکایت کرتا نظر آتا ہے۔ ایسے میں اگر آپ کو یہ بتایا جائے کہ کلونجی کا تیل بالوں کو گرنے سے روکنے میں مدد دے کر گنج پن سے بچاتا ہے اور بالوں کی نشوونما بھی تیز کرتا ہے تو یقیناً یہ آپ کے لیے ایک بڑی خبر ہوگی۔ کلونجی کا تیل بالوں کو وہ نمی فراہم کرتا ہے، جس کی انھیں ضرورت ہوتی ہے۔ یہ خصوصاً بالوں کی جڑوں کو مضبوط کرتا ہے۔ کچھ مقدار میں کلونجی کے تیل کو گرم کرکے بالوں کی جڑوں میں اس کی مالش کریں اور پھر ایک گھنٹے بعد سر دھولیں۔ ہفتے میں دو سے تین بار ایسا کریں اور پھر نتائج دیکھیں۔
ہاضمہ کا نظام بہتر کرے
مرغن اور گرم غذائیں کھانے سے بہت سارے لوگوں کو ہاضمے کی خرابی کی شکایت رہتی ہے۔ قبض بھی خراب ہاضمے کی ایک قسم ہےاور دنیا بھر میں ہر عمر کے افراد اس کا شکار ہوتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے اگر کلونجی کے تیل کی کچھ مقدار بغیر دودھ کی چائے میں شامل کرکے پی جائے تو فوری آرام ملے گا۔
یرقان میں مؤثر
یرقان ایک خطرناک مرض ہے، تاہم کلونجی میں اس کی بھی شفا ہے۔ اگر کسی کو یرقان کی شکایت ہے تو اجوائن کی کچھ مقدار کو رات بھر پانی میں بھگو کر رکھیں، صبح اسے چھان لیں اور پھر اس میں آدھا چائے کا چمچ کلونجی کا تیل شامل کریں۔ آپ دیکھیں گے کہ یرقان کے مریض کی صحت یاب ہونے کی رفتار تیز ہوجائے گی۔
خوبصورت جلد
آج کل ہر مرد اور عورت خوبصورت جلد چاہتے ہیں۔ اگر آپ بھی اپنی جلد کو پرکشش بنانا چاہتے ہیں تو ایک کپ لیموں کے عرق میں آدھا چائے کا چمچ کلونجی کا تیل ملائیں اور اس مکسچر کو دن میں دو مرتبہ چہرے پر لگائیں، آپ کیل مہاسوں اور داغ وغیرہ کو جادوئی انداز سے غائب ہوتا دیکھیں گے۔ کلونجی کا خالص تیل ایڑیاں پھٹنے کے مسئلے سے نجات دلانے کے لیے بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ ایڑیوں کا مسئلہ سردیوں میں زیادہ دیکھا جاتا ہے۔
جوڑوں کا درد
اگر کسی شخص کو جوڑوں کے درد کا مسئلہ درپیش ہے تو اس کے لیے ایسا کریں کہ کچھ مقدار میں کلونجی لے کر سرسوں کے تیل کے ساتھ گرم کریں، جب تیل سے دھواں اٹھنے لگے تو چولہا بند کرکے اسے تھوڑا ٹھنڈا کرلیں، اس کے بعد انگلی کو تیل میں ڈبو کر متاثرہ حصے پر مالش کریں۔ جوڑوں کے درد میں آرام آجائے گا۔
دماغی کمزوری
متوازن غذا نہ لینے کی وجہ سے آج کل بچے اور بڑے سبھی دماغی کمزور کا شکار ہوجاتے ہیں۔ کلونجی کے بیج پیس کر انہیں شہد کی معمولی مقدار میں شامل کرکے استعمال کرنا یادداشت کو بہتر بناتا ہے۔ اسکول جاتے بچوں کے لیے یہ ایک بہترین ٹوٹکا ہے۔ اسی طرح کلونجی کےتیل سے سر پر مساج کرنے سے سردرد میں بھی فوری طور پر فائدہ پہنچتا ہے۔
گردوں کی حفاظت
اکثر یہ دیکھا گیا ہے کہ کئی لوگوں کو گردی میں پتھری کی شکایت ہوجاتی ہے اور اس کے لیے انھیں مہنگے علاج اور سرجری سے گزرنا پڑتا ہے۔آپ آدھا چائے کا چمچ کلونجی کا تیل دو چائے کے چمچ شہد کے ساتھ گرم پانی میں ملا کر پینا شروع کردیں۔ اس سے آپو گردے کے درد، پتھری اور انفیکشن سے چھٹکارہ مل جائے گا۔