کراچی (نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) ہاکی ورلڈ کپ میں عبرت ناک ناکامی کے بعد پاکستان ہاکی میں ڈرامے بازی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، کوچز اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے مستعفی ہورہے ہیں۔ ٹیم منیجر حسن سردار، ہیڈ کوچ توقیر ڈار کے بعد بدھ کو کوچز دانش کلیم اور ریحان بٹ بھی مستعفی ہوگئے جبکہ ان کی تقرری ورلڈ کپ تک ہی کی گئی تھی۔ ریحان بٹ کا کہنا ہے کہ محدود وسائل کے باوجود ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کی ہرممکن کوشش کی، دانش کلیم کا کہنا ہے توقیر ڈار کے کہنے پر ذمہ داری قبول کی تھی، ایونٹ ختم ہونے پر میرا تعلق بھی ختم ہوگیا۔ دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن نے نئی حکمت بنالی۔ سینئر کھلاڑیوں رضوان سنیئر، عمر بھٹہ، شفقت رسول، راشد وغیرہ کو فارغ اور نئے پلیئرز کو شامل کرکے ’’ٹیم کی تشکیل نو‘‘ کا پرانا نعرہ لگایا جائے گا۔ اس مقصد کیلئے قمر ابرہیم ہیڈ کوچ، سمیر حسین ، ناصر علی کوچز اور قمر ضیاء یا منظور الحسن کو ٹیم منیجر تعینات کیا جاسکتا ہے۔ دریں اثنا صدر ہاکی فیڈریشن بریگڈیئر(ر) خالد کھوکھر نے کہا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کا فیصلہ نہیں ہوا ، شکست پر انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کے بعد ہی اس متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔