کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر برائے میری ٹائم افیئرز علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے پر میرا نوٹ اختلافی تھا، آصف زرداری کی نیویارک میں پراپرٹی کی ٹائٹل ڈیڈ ٹوئٹ کردوں گا، نواز شریف اور آصف زرداری کی گرفتاری پر کوئی باہر نہیں نکلے گا، جن سو پچاس لوگوں کو پکڑے جانے کا ڈر ہوگا صرف وہی نکلیں گے۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا اور پیپلز پارٹی کی رہنما قرۃالعین مری بھی شریک تھیں۔ محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے معاملہ پر پی ٹی آئی میں مختلف مفاداتی گروپ ہیں، ایک گروپ نئے صوبے کا مرکز بہاولپور جبکہ دوسرا گروپ ملتان بنانا چاہتا ہے، آج کل اپوزیشن کا کوئی شخص سخت باتیں کرے تو اسے نیب کا نوٹس آجاتا ہے، صورتحال یہ ہے کہ ہمیں وزراء کی طرف سے بلاواسطہ پیغام ملتا ہے کہ کل تمہاری باری ہے۔قرۃالعین مری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کیلئے لوگ اپنی مرضی سے باہر نکلتے ہیں، پراپرٹی آصف زرداری کی ہے تو وہ خود بتادیں گے، پی ٹی آئی کی دکان ہی جھوٹی الزام تراشیوں پر چل رہی ہے،کراچی میں پورٹ قاسم کے غریب ورکرز پر واٹرکینن سے پانی وزیراعظم کی ہدایت پر پھینکا گیا،پی ٹی آئی کو دھرنوں میں لوگ جمع کرنے کیلئے کنسرٹ کرنا پڑتے ہیں۔وفاقی وزیر علی حیدر زیدی نے کہا کہ ایک پارٹی کے اندر دوموقف ہوسکتے ہیں مگر فیصلہ ہوجائے تو قبول کیا جاتا ہے، طارق بشیر چیمہ کی جنوبی پنجاب صوبہ پر اپنی رائے ہے جب فیصلہ ہوگا تو سب ساتھ کھڑے ہوں گے، پارٹی میں اختلاف رائے کی آزادی نہ ہو تو جمہوریت کا کیا فائدہ ہوگا، مغربی ممالک میں تو پارٹیوں کے اندر معاملات پر ووٹنگ بھی ہوتی ہے۔علی حیدر زیدی کا کہنا تھا کہ آج رات دس بجے آصف زرداری کی نیویارک میں پراپرٹی کی ٹائٹل ڈیڈ ٹوئٹ کردوں گا، اس پر ایکشن لینا نہ لینا قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کام ہے، دستاویزی ثبوتوں کے بغیر کسی پر ریفرنس دائر نہیں کیا جاسکتا ہے، کچھ لوگ کہتے تھے چیئرمین نیب کی مجھ پر ریفرنس کرنے کی کیا اوقات ہے۔