لاہور(نمائندہ خصو صی)امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ رات کے اندھیرے کی بجائے دن کی روشنی میں احتساب ہو تو جیلوں میں جگہ کم پڑ جائے گی،بچوں کے ہاتھوں میں قلم و کتاب دینے کی بجائے بسنت اور سینما گھر بنانے کی نوید سنائی جارہی ہے، جماعت اسلامی جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کےلئے بھرپور مہم چلائے گی ،عوام نت نئے ٹیکسوں کی وجہ سے مہنگائی کا طوفان برپا ہونے پر فاقے کر رہی ہے جبکہ حکومت بسنت اور سینما گھروں کی نوید سنارہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”دارالسلام“میں مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر، راؤ محمد ظفر،میاں آصف محمود اخوانی،میاں منیر احمد بودلہ، کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ نئی حکومت اقتدار میں آنے کے ساتھ ساتھ مہنگائی بھی ساتھ لائی ہے نت نئے ٹیکس لگائے جارہے ہیں ہر روز ایک نیا منی بجٹ آتا ہے،بجلی، گیس، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کی تبدیلی سے عوام پریشان حال ہیں ۔