صنف نازک کےلیے ہاتھوں اور پیروں کی خوبصورتی ہی نہیں بلکہ ان کی دیکھ بھال اور حفاظت بھی بے حد ضروری ہے۔ جس طرح انسان کی شخصیت میں شکل وصورت کو بے حد اہمیت حاصل ہے بالکل اسی طرح دلکش اور نرم و نازک ہاتھ پیر بھی شخصیت کو پُر اثردکھانے میں اہم کردار اداکرتے ہیں۔ لیکن ہاتھ اور پاؤں چاہے کتنے ہی خوبصورت کیوں نہ ہوں، اگر ان کی حفاظت اور خیال نہ رکھا جائے تو موسم تبدیل ہونے کی صورت میں ان کی خوبصورتی متاثر ہونے لگتی ہے۔ اگر آپ چاہتی ہیں کہ یہ خوبصورتی اور دلکشی ہمیشہ برقرا رہے تو اس کا بہترین طریقہ مینی کیور اور پیڈی کیور ہے۔ اس کے لیے ضروری نہیںکہ پارلر کا رُخ کیا جائے، اگر مصروفیاتِ زندگی کے سبب آپ کے پاس پارلر جانے کا وقت نہیں بچتا تو گھر میں رہتے ہوئے بھی مینی اور پیڈی کیور بآسانی کیا جاسکتا ہے۔ کیسے؟آئیے جانتے ہیں۔
ضروری سامان
سب سے پہلے یہ جاننا ضروری ہے کہ گھر میں مینی کیور اور پیڈی کیور کے لیے آپ کو کس سامان کی ضرورت ہوگی۔اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے پاس نیل پالش ریموور، کاٹن بالز، باڈی اسکرب، تولیہ، نیل فائلر، نیل کلیپر، نیل پالش، بیس کوٹ، ٹاپ کوٹ، گرم پانی سے بھرا پیالہ اور موئسچرائزنگ شاور جیل موجود ہو۔
پہلا مرحلہ
سب سے پہلا مرحلہ نیل پالش صاف کرنے کا ہے۔ نیل پالش کو کاٹن بالز کی مدد سے نیل پالش ریموور میں بھگوکر 10سے 15 سیکنڈ کے لیے ناخنوں پر رکھ کر صاف کریں۔
دوسرا مرحلہ
گرم پانی سے بھر ا پیالہ لیں (جسمیں آپ ساری انگلیاںبآسانی ڈبوسکیں )۔ اس گرم پانی میںشاورجیل،اروماباتھ سینٹڈسوپ یا موئسچرائزنگ سوپ کا استعمال بہترین ہے۔ مینی کیور اور پیڈی کیور کیلئےجس محلول کاانتخاب کیا گیا ہے، اس پانی میں جھاگ بن جائینگے۔ پھر اس پانی میں 15 سے 20 منٹ تک کیلئے انگلیوں کو ڈبو کر رکھیں۔
تیسرا مرحلہ
انگلیوں کو پیالے میں ہی رکھتے ہوئے کیوٹیکل پشر کی مدد سے کیوٹیکلز کو احتیاط کے ساتھ پیچھے کی طرف دھکیلیں، یہاں تک کہ وہ انگلی کی کھال سے جا ملیں ۔اگر کچھ کیوٹیکل اوپر اٹھ گئے ہیں تو انھیں کٹرکی مد د سے کاٹ لیں ۔لیکن کاٹنے سے ان کیوٹیکل کو اس پانی میں بھگونا ہرگز نہ بھولیں ۔ناخنوں کے قریب پتلی کھال کے لیے کیوٹیکل موئسچرائزر لگا کر مساج کریں ۔
چوتھا مرحلہ
نیل برش کا استعمال کرکے ہاتھوں اور پیروں کے ناخنوں کو اچھی طرح سے صاف کریں۔ برش کا انتخاب کرتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ وہ نرم ریشے والا ہو یا پھر اسفنج کا بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ برش کی مدد سے ہاتھوں کو اوپر سے نیچے کی طرف رگڑ کر صاف کریں، اس مرحلے کے بعد چندمنٹ کے لیے دوبارہ ہاتھ پانی میں بھگو دیںتاکہ سارا میل کچیل نکل جائے۔ اس کے بعد نیم گرم پانی سے دھولیں اور ہوا میں خشک کریں یا صاف تولیے یا ٹشو سے پونچھیں۔ پیڈی کیور کرتے وقت پیروں کی ایڑیوں اورتلووں کو جھانویں کی مدد سے صاف کریںتاکہ ایڑیوں کی خراب کھال صاف ہو جائے۔
پانچواں مرحلہ
اگلا مرحلہ ہاتھوں اور پیروں کےناخن تراشنے کا ہے۔ ناخنوں کے تراشنے کے وہی اسٹائل منتخب کریں، جس میں آپ کے ہاتھ اور پیر کی انگلیاں بے حد خوبصورت اور دلکش محسوس ہوں ،کوشش کریں کہ ناخنوں کو تراشنے کے لیے لکڑی کا فائلر استعمال کیا جائے کیونکہ یہ جراثیموں سے پاک ہوتا ہے۔ اپنے ناخنوں کو فائلر کی مدد سے مطلوبہ شکل میں فائل کرلیں۔اگر آپ کی انگلیاں لمبی ہیں تو ناخن گول شیپ میں تراشیں یا پھر چو کور شیپ بھی مناسب ہے۔ تاہم انگلیاں موٹی ہوں توناخن نوکیلے انداز میں فائل کریں تاکہ انگلیاں لمبی اور نازک دکھائی دیں۔
چھٹا مرحلہ
ناخنوں کو تراشنے کے بعد معیاری اور بہترین موئسچرائزنگ جیل یا کریم کی مدد سے ہاتھوں پر اچھی طرح مساج کریں، خاص طور پر اسکربنگ اور ہاتھوں کو اسفنج کی صفائی کے بعدکیونکہ اس عمل کے بعد آپ کے ہاتھوں اور پیروں کو ہائیڈریٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ عمل آپ کے ہاتھوںاور پیروں کی نرمی اور دلکشی میں اضافہ کرے گا۔
ساتواں مرحلہ
ہاتھوں اور پیروں کے ناخنوں کے لیے ہائیڈریشن کا عمل بے حد ضروری ہے۔ نیل پالش لگانے سے قبل کوئی بھی معیاری نیل آئل ہاتھوں اور پیروں کے ناخنوں پرکاٹن بالز کی مدد سے لگائیں اور تب تک نیل پالش نہ لگائیں جب تک یہ تیل ناخنوں میں جذب نہ ہوجائے ۔
آٹھواں مرحلہ
اگلا اور آخری مرحلہ نیل پالش لگانے کا ہے۔ نیل پالش لگانے کے لیے سب سے پہلے ناخنوں پر بیس کوٹ لگائیں اور پھر کچھ دیر انتظار کریں، جب یہ سوکھ جائے تو ان پر نیل پالش لگائیں۔ اگر نیل پالش پھیل جائے تو اس کو کیو ٹپ کی مدد سے صاف کرلیں ۔