پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے نوجوان اداکار دانش تیمور کی ماؤں بننے پر خفگی کا اظہار کر دیا۔
انہوں نے کہا، ’جب دیکھو، بدبخت دانش کی ماں کا کردار دے دیتے ہیں۔‘
حال ہی میں نجی چینل کے پروگرام جس میں سنیئر اداکارائیں عتیقہ اوڈھو، نادیہ خان اور مرینہ خان مختلف ڈراموں پر تبصرہ کرتی ہیں، اور اسی دوران سینئر اداکاراؤں نے دانش تیمور کے ڈرامے ’شیر‘ میں ان کی اداکاری کی تعریفیں کیں۔
دورانِ پروگرام گفتگو کرتے ہوئے عتیقہ اوڈھو نے انکشاف کیا کہ میری والدہ بھی دانش تیمور پر فدا ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ دانش تیمور اسکرین پر بہت اچھے لگتے ہیں، ہر عمر کے لوگ انہیں پسند کرتے ہیں، یہاں تک کہ میری والدہ بھی ان سے محبت کرتی ہیں۔ اگر آپ مختلف عمر کی لڑکیوں سے بات کریں تو اندازہ ہوگا کہ کتنی لڑکیاں دانش تیمور کو پسند کرتی ہیں۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ بدبخت مجھے ڈراموں میں دانش کی ماں بنا دیتے ہیں، ہیروئن نہ سہی کم از کم مجھے ان کی خالہ تو بنائیں، ہمیں اس پر کچھ پلان کرنا چاہیے۔
سیئنر اداکارہ کی بات پر پروگرام کے میزبان نے پوچھا کہ کیا آپ دانش کی ہیروئن آنا چاہتی ہیں؟
میزبان کی بات پر مرینہ خان اور نادیہ خان نے کہا کہ اگر ایسا دکھایا جائے گا تو طوفان آجائے گا، لوگ کہیں گے اداکارہ کو شرم نہیں آ رہی، خود سے کم عمر مرد سے معاشقہ کر رہی ہیں۔
عتیقہ اوڈھو نے کہا کہ میں جانتی ہوں کہ میں دانش تیمور کی ہیروئن کا کردار ادا کر سکتی ہوں۔ یہ ممکن ہو سکتا ہے اگر کسی نوجوان شخص اور بڑی عمر کی عورت سے متعلق کوئی کہانی ہو تو لیکن پھر لوگ مجھے ٹرول کرنا شروع کر دیں گے کہ شرم آنی چاہیے دوسرے ڈراموں میں اس کی ماں کا کردار ادا کر رہی ہو اور یہاں اس کی ہیرؤئن بن گئی ہو۔