کراچی(ٹی وی رپورٹ) سینئر تجزیہ کاروں نے کہا کہ مریم نواز ہی نواز شریف کی جانشین ہوں گی،نون لیگ میں احتجاجی سیاست کے جراثیم نہیں،مریم نوازعملی سیاست میں نظر آئیں گی، دھرنے ،احتجاج اور شور شرابے کے ذریعے حکومت یا اداروں پر دباوٴڈالنا مشکل ہے، مریم عوامی رابطہ مہم شروع کریں گی،پی پی اورمسلم لیگ نون کا مشترکہ احتجاج اورسڑکوں پر آنا بہت مشکل ہے ۔ان خیالات کا اظہارسینئر تجزیہ کار سلیم صافی، مظہر عباس ،منیب فاروق،ارشد وحید چودھری، رانا جواد نے جیو نیوز کے پروگرام’’ جیو پاکستان ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ماہر قانون عارف چودھری اور معروف قانون دان کامران مرتضٰی نے بھی گفتگو میں حصہ لیا۔ مظہرعباس نے کہا کہ نوازشریف کے خلاف فیصلے آتے رہے تو مریم نوازعملی سیاست میں نظر آئیں گی ۔پارلیمانی کمیٹیاں بننے کے بعد سیاسی درجہ حرارت اعتدال میں آیا ہے پیپلزپارٹی فی الحا ل عوامی طاقت کا مظاہرہ نہیں کرے گی حکومت کو سیاسی درجہ حرارت نیچے لانا ہوگا ،اپوزیشن کے خلاف جو مقدمات چل رہے ہیں حکومت ان سے لاتعلقی کا تاثر دے ،شور کرنے سے ایسا لگتا ہے جیسے مقدمات انتقام کے لئے بنائے جارہے ہیں۔