کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن چار سال سے پاکستان سپر ہاکی لیگ کے انعقاد کے دعوے کررہی ہے تاہم اس منصوبے کو عملی جامعہ پہنانے میں ناکام ہے حیرت انگیز طور پر اس کی کوئی کاغذی کارراوئی بھی نظر نہیں آرہی ہے۔ موجودہ عہدے داروں نے2105میں لیگ کرانے کا اعلان کیا تھا مگر ہر کچھ عرصے بعد اسے ملتوی کر کے نئی تاریخ دے دی جاتی ہے۔ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے آٹھ ماہ قبل اگلے سال جنوری سے جون تک ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ کا اعلان کیا تھا، مگر پی ایچ ایف نے اس کے باوجود پاکستان سپر ہاکی لیگ کے لیے جنوری کا اعلان کردیا۔ پی ایچ ایف کے ناراض ڈائریکٹر ڈیولمپنٹ اولمپئن نوید عالم کے مطابق فیڈریشن کے پاس کوئی وژن ہے نہ چار برس میں غیر ملکی کھلاڑیوں سے رابطے کیلئے موثر کام کیا، فرنچائز ٹیموں کے حوالے سے بھی ہوم ورک نظر نہیں آیا، پرولیگ کے اعلان کے بعد بھی پاکستان سپر ہاکی لیگ کی تاریخ کا اعلان پی ایچ ایف کی ناہلی کا ثبوت ہے۔دریں اثنا پی ایچ ایف کے حکام کا کہنا ہے کہ سپر ہاکی لیگ ضرور ہوگی جس میں کراچی، لاہور، پشاور، ملتان، اسلام آباد اور کوئٹہ کی ٹیمیں شامل ہونگیں، غیر ملکی کھلاڑیوں سے بھی رابطہ کیا ہے لیگ میں انڈر25کھلاڑی شامل ہوں گے۔