• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کن علاقوں میں آج بھی شدید دھند، سڑکیں بند؟


پنجاب کے میدانی علاقے اور پشاور ڈویژن آج بھی شدید دھند کی لپیٹ میں موٹر وے ایم ٹو کے مختلف سیکشنز، پوری ایم تھری اور ایم فور ٹریفک کے لیے بند ہے۔

قومی شاہراہ پر پتوکی، حبیب آباد، رینالا خورد، اوکاڑہ اور ساہیوال میں دھند ہے، متاثرہ علاقوں میں حد نگاہ صفر سے 50 میٹر رہ گئی، شہریوں کو دھند کے دوران گاڑیوں پر فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پنجاب کے میدانی علاقے اور پشاور ڈویژن آج بھی گہری دھند کی لپیٹ میں ہیں، دھند کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی اور معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔

موٹر وے ایم 1، ایم 2، ایم 3 اور ایم 4 شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں،ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ ایم 1 شدید دھند کے باعث پشاورسے برھان تک بند کر دی گئی۔

لاہور، کلر کہار، بھیرہ، سالم اور کوٹ مومن میں موٹر وے ایم 2 شدید دھند کے باعث بند ہے۔

موٹر وے ایم 3 بھی پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی، ایم 4 فیصل آباد سے گوجرہ اور خانیوال سے ملتان تک شدید دھند کی وجہ سے بند ہے۔

موٹر وے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے اور سفر سے پہلے ہیلپ لائن 130 سے رہنمائی حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ادھر ملک بھر میں موسم سرد اور خشک ہے، پنجاب کے میدانی علاقے اور پشاور ڈویژن آج بھی دھند کی لپیٹ میں ہیں۔

24 گھنٹوں کے دوران ملک کا سرد ترین مقام قلات رہا جہاں درجۂ حرارت منفی 11ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

وفاقی دارالحکومت میں درجہ حرارت منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

اسکردو میں منفی 10، کالام میں منفی 8، گوپس اور کوئٹہ میں منفی 7، راولا کوٹ میں منفی 5، بگروٹ، لوئر دیر، مالم جبہ ہنزہ، میرکھانی اور گلگت میں منفی 4ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

24گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں درجۂ حرارت منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کراچی میں 12، لاہور میں 2، پشاور میں ایک، مظفر آباد میں منفی 1، فیصل آباد میں 2، ملتان میں 4، حیدر آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 9ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے 2سے 3کے دوران پنجاب کے میدانی علاقوں، بالائی سندھ اور پشاور ڈویژن میں بعض مقامات پر شدید اور ہلکی دھند کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، ملک کے بالائی علاقوں میں رات کے اوقات میں موسم شدید سرد اور خشک جبکہ صبح کے اوقات میں کُہر پڑنے کا امکان ہے۔

تازہ ترین