پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز سینئر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
ورلڈ کپ میں پاکستان ہاکی ٹیم کی انتہائی مایوس کن پرفارمنس کے بعد کئی عہدیدار مستعفی ہوچکے ہیں، اب پی ایچ ایف کے سیکریٹری شہباز احمد سینئر نے بھی عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
شہباز سینئر کا کہنا ہے کہ جب حکومت اور وزارت بین الصوبائی رابطہ کے پاس قومی کھیل کے لیے وقت نہیں تو ان کے پاس بھی نہیں، اس لئے انہوں نے اپنا استعفیٰ صدر پی ایچ ایف کو بھجوا دیا ہے۔
اُن کا کہنا ہے کہ جس دن سے فیڈریشن میں آیا بار بار کہا کہ اس سسٹم سے ہاکی نہیں چل سکتی، فنڈز نہ ہونے کے باعث غیر یقینی کی صورتحال رہتی ہے،ہاکی کا بنیادی ڈھانچہ موجود ہی نہیں، سہولیات نہیں دی گئیں اور رزلٹس کا پوچھا جاتا ہے۔
شہباز سینئر نے مزید کہا کہ نامساعد حالات کے باوجود پوری کوشش کرتا رہا لیکن اب ہاکی کی موجودہ صورتحال برداشت سے باہر ہو چکی ہے،اس لئے استعفے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔