• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سائنس و ٹیکنالوجی کے اشتراک نے جہاں ہر شعبے پر اپنے اثرات مرتب کیے ہیں،وہیں تعمیرات میں بھی آرکیٹیکچرل ڈیزائن کے نت نئے انداز متعارف کرائے گئے ہیں۔ ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کا گھر کشادہ اور ماحول دوست ہو، یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں منفرد اور خوبصورت تعمیراتی ڈیزائن پر مبنی گھر دیکھنے میں آتے ہیں۔ آج کی تحریر میں ہم ایسے ہی کچھ منفرد گھروں کا تعارف پیش کر رہے ہیں، جنہیں آپ اپنے خوابوں کا مسکن کہہ سکتے ہیں۔

ماڈرن کلفٹن ریذیڈنس، جنوبی افریقہ

ڈیزائن اور تعمیرات جنوبی افریقہ کی معروف تعمیراتی فرم SAOTA کی کاوش ہے، جس نے ماڈل آرکیٹیکچر سے جنوبی افریقہ سمیت دنیا کے85سے زائد ممالک کو اپنے فن کا اسیر اور فریفتہ بنا رکھا ہے۔ترچھی پہاڑی پر واقع ہونے کی وجہ سے اس کا ڈیزائن بھی ترچھا رکھا گیا ہے۔ اس ڈھلواں پہاڑی کے سامنے آپ بحرِ اوقیانوس کا مسحور کن نظارہ ملاحظہ کرسکتے ہیں۔ اس سائٹ کا رقبہ 1120 مربع میٹر ہے۔ اس گھر کا گراؤنڈ فلور مرکزی لیونگ روم، گیسٹ رومز، جم، اسٹڈی روم اور گیراج پر مشتمل ہے۔ گراؤنڈ فلور جزوی طور پر بلند سطح پر بنایا گیا ہے تاکہ فرش کی سطح ہموار رہے۔ باہر کے منظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے شیشے کا استعمال شاندار انداز میں کیا گیا ہے۔ 

روکا لیزا،اسپین

اسپین کے جزیرے اِبیزا(Ibiza) کے رہائشی علاقہ روکا لیزا(Roca Llisa) میں واقع 9096مربع فٹ پر محیط تین منزلہ اسپینش ہاؤس کی تزئین و آرائش2014ء میں مکمل ہوئی۔ یہ مکان جنوبی افریقہ کے دارالحکومت کیپ ٹاؤن سے تعلق رکھنے والی آرکیٹیکچر فرم SAOTA کے بانی ماہر تعمیراسٹیفن اینٹونی اور انٹیریئر ڈیزائن اسٹوڈیو ARRCC کے ڈائریکٹر مارک ریلی کی مشترک کاوش ہے۔ تعمیراتی ڈیزائن اور اندرونی آرائش میں کشادگی کا خاص انتظام کیا گیا ہے۔ روکا لیزا کا پرفضا منظر اور سمندر کا نظارہ یہاں کے مکینوں کو دل بستگی و تفریح کے وافر مواقع فراہم کرتا ہے۔ گھر کے مالک ہر سال موسم گرما کی چھٹیوں میں یہاں دوستوں کے ساتھ آکر قیام کرتے ہیں۔ یہ ان کے لیے انٹرٹینمنٹ وینیو ہے، جہاں سوئمنگ پول سمیت گیسٹ رومز بھی بنائے گئے ہیں۔

پیانو ہاؤس،چین

ہمارے دوست ملک چین نے تجارت، انفرااسٹرکچر، خدمات،سائنس وٹیکنالوجی سمیت ہر شعبہ میں انقلاب برپا کردیا ہے۔ چین میں حیران کن پیانو ہاؤس کی تعمیر کسی تخیل ساز اور معروف ماہرِ تعمیرکا کارنامہ نہیں ہےبلکہ اس کا ڈیزائن ہیفی یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کی آرکیٹیکچرل فیکلٹی کے طالب علموں نے بنایا ہے۔ مکمل طور پرپیانو ڈیزائن کی حامل عمارت کے دو ٹاور کے درمیان قد آور شیشےکا گٹار اسے انفرادیت کے مقام پر فائز کرتا ہے۔ اس عمارت کو موسیقی سے پیار کرنے والےطالب علموں کے لیے بنایا گیا ہے، جو قریبی کالج سے یہاں آکر پیانو، وائلن اور گٹار جیسے آلات موسیقی بجانے کی تربیت حاصل کرتے ہیں۔ چینی صوبے ہنین سٹی میں واقع اس عمارت کی تعمیر کا سہرا مقامی حکومت کے سر جاتا ہے۔

گلاس ہاؤس،ٹوکیو

منفرد نظر آنا کسے نہیں بھاتا۔ یہی کوشش ’’ہاؤس این ‘‘ میں بھی کی گئی ہے،جسے مکمل طور پر صاف شفاف شیشے سے اس طرح بنایا گیا ہے کہ اس عمارت میں کام کرنے والے خواتین و حضرات کو آنے جانے والے دیکھ سکتے ہیں۔ منفرد اسٹائل سے بنی اس عمارت کو سو فیوجی موٹو آرکیٹیکٹس کی طرف سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ڈیزائن میں مکمل طور پر قدرتی روشنی کا خیال رکھتے ہوئے اسے فطرت سے ہم آغوش کرکے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ جاپانی کھلے دل و دماغ کے مالک اور فطرت سے پیار کرنے والےہیں۔ جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کی مصروف سڑک پر واقع 914مربع فٹ رقبے پر مشتمل شیشے کی اس عمارت کی تعمیر میں لڑکیوں نے بھی دلچسپی لی۔

تازہ ترین