وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے انقرہ میں ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران دوطرفہ، علاقاتی اور عالمی امور خاص طور پر افغانستان میں قیام امن کے لئے کوششوں پر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم عمران خان ترکی کے دو روزہ دورے پر ہیں جہاں اُن کا شاندار استقبال کیا گیا۔
گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے ترکی کے تاجروں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا تھا کہ گورننس سسٹم بہتر بنارہے ہیں، ترک سرمایہ کار سی پیک میں حصہ ڈالیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کو منافع بخش بنایا جائے، پاکستان بے پناہ مواقع کا حامل ملک ہے، موجودہ حکومت گورننس کے نظام میں بہتری لاتے ہوئے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے اور تجارت و سرمایہ کاری کو منافع بخش بنانے کے لئے پرعزم ہے، پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارتی رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے تجارت کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ترک ہم منصب سے اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، ملاقات کے دوران شاہ محمود قریشی نے ترک وزیرخارجہ کو افغانستان میں امن کوششوں سے آگاہ کیا۔