شعور کو عملی طور پر معطل، اعصابی نظام کو نسبتاً غیر فعال اور آنکھوں کو بند کرکے جسم اور ذہن کو آرام پہنچانے کے فطری عمل کو نیند کہتے ہیں۔ نیند کے دوران انسان اپنے ماحول سے بے خبر رہتا ہے۔رات کو چند گھنٹوں کی نیند انسان کی فطری و بنیادی ضرورت ہے۔ کوئی انسان اس ضرورت سے بے نیاز نہیں رہ سکتا۔
بے ہوشی میں بھی انسان اپنے آپ سے اور اپنے ماحول سے بے خبر ہو جاتا ہے۔ لیکن نیند ایک ایسا قدرتی عمل ہے، جس سے انسان بغیر کسی طبی امداد کے بیدار ہو جاتا ہے یا اسے بیدار کیا جا سکتا ہے جبکہ بے ہوشی ایک قسم کا مرض ہے اور اس میں انسان کو ہوش میں لانے یعنی فعال بنانے کیلئے طبی امداد کی ضرورت پڑتی ہے۔
نیند کی اہمیت
چہرے کی خوبصورتی کے لیے نیند بہت اہم ہے، جس کے بغیر آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے پڑجانا اور چہرہ اُتر جانا عام بات ہے مگر ایک تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ نیند کی بہت زیادہ کمی آپ کی جِلد کو تیزی سے بڑھاپے کی جانب دھکیل دیتی ہے، جس کی وجہ جسم میں تناؤ کا باعث بننے والے ہارمون کورٹیسول کی زیادہ مقدار کا ریلیز ہونا ہے اور اس کی افراط جِلد کو ہموار اور گداز رکھنے والے پروٹین کولاجن کو کام نہیں کرنے دیتی۔ یونیورسٹی ہاسپٹل کلیولینڈ میڈیکل سینٹر کی جانب سے کی جانے والی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جو لوگ اچھی نیند نہیں لے پاتے، ان کی جِلد کے قبل از وقت بوڑھی ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں اور ماحولیاتی دباؤ بڑھانے والے عوامل جیسے الٹرا وائلٹ شعاعوں سے سے محفوظ رہنے کی صلاحیت گھٹ جاتی ہے۔ اس تحقیق کی سربراہ Elma Baronکہتی ہیں کہ ان کی طرف سے کی جانے والی یہ تحقیق اپنی نوعیت کی پہلی کوشش ہے، جس میں نیند کی کمی، جِلدی صحت کی خرابی اور جِلد کی بوڑھا ہونے کی رفتاربڑھ جانے کے مابین تعلق کو ثابت کیا گیا ہے۔ ’نیند کی کمی ایک بین الاقوامی وبا کی صورت اختیار کرچکی ہے۔ ہرچندکہ، نیند کی مسلسل کمی کو موٹاپے، ذیابطیس اور سرطان جیسے امراض کے ساتھ جوڑا جاتا ہے، تاہم اس کے جِلدی صحت پر اثرات سے متعلق اس سے پہلے معلوم نہیں تھا‘۔
جِلد کی صورتحال کا مزید بگڑنا
کارٹیسول نامی ہارمون کی کمی سوزش میں اضافے کی وجہ بنتی ہے، جس سے جِلد پر ایکنی نمودار ہونے لگتے ہیں، جِلد کی حساسیت بڑھ جاتی ہے اور الرجیز بھی پیدا ہوسکتی ہیں۔ بڑھتی سوزش کا ایک مطلب یہ بھی ہے کہ اس سے آپ کی جِلد کا پروٹین ’کولاجن‘ بھی ٹوٹنے کا خدشہ ہوتا ہے، جس سے آپ کی جِلد بے جان اور بے رونق ہوجاتی ہے۔
مدافعتی نظام کا متاثر ہونا
مناسب مقدار میں نیند نہ لینے سے جسم کی مدافعتی نظام کو ریگولیٹ کرنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔ اس کے نتیجے میں انسان نہ صرف اکثر اوقات بیمار پڑجاتا ہے بلکہ اس سے جِلدی مسائل جیسے چنبل (psoriasis) اور ایگزیمابھی شدید ہوجاتے ہیں۔ درحقیقت، جن لوگوں کو چنبل کی شدید بیماری لاحق ہو، ان میں دل کے امراض کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے،اس لیے پوری نیند لینا اور بھی زیادہ ضروری ہوجاتا ہے۔
فطری خوبصورتی کا متاثر ہونا
نیند ، جسم میں آبیدگی (Hydration)کا توازن قائم رکھنے کا کام کرتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ دن کے اوقات میں جسم کی جو نمی ضائع ہوتی ہے، رات کی نیند اسے دوبارہ بحال کرتی ہے۔ اگر آپ پوری نیند نہیں لیں گے تو اس سے آپ کے جسم میں نمی کا توازن بگڑسکتا ہے، جس کے نتیجے میں آنکھوں کے نیچے سوجن ہونے کے علاوہ جِلد میں خشکی اور جھریاں پیدا ہوجاتی ہیں۔ نیند میں جِلد کی مرمت کا کام بھی ہوتا ہے، اس لیے اگر آپ پوری نیند نہیں لیں گے تو جِلد کی مناسب مرمت بھی نہیں ہوپائے گی، دن بھر آپ کی جِلد کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ نہیں ہوپائے گا اور یہیں سے آپ کی جِلد پر بڑھتی عمر کے اثرات آنا شروع ہوجائیں گے۔
رات کو اچھی نیند کیلئے مشورے
٭رات کو سونے سے تھوڑی دیر پہلے بھرپور کھانا مت کھائیں۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ رات کا کھانا آپ سونے سے کم از کم 3سے 4گھنٹے پہلے کھالیں۔
٭اپنے جسم میں آبیدگی (ہائیڈیشن)کو برقرار رکھیں۔ پورا دن وقفے وقفے سے باقاعدگی کے ساتھ پانی پیتے رہیں، تاہم رات کو دیر سے پانی نہ پیئیں۔
٭جس کمرے میں سوتے ہیں اسے مناسب درجہ حرارت پر رکھیں۔ کمرے میں اندھیرا اور خاموشی ہو جبکہ سردیوں میں گرم لحاف استعمال کریں۔
٭اپنے اسمارٹ فون اور ٹیبلٹس کو پہنچ سے دور رکھ کر سوئیں۔