• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برفباری کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں حسین مناظر

ملک بھر میں موسم شدید سرد اور خشک ہے۔ ملکہ کوہسار مری، سوات، گلگت بلتستان سمیت بالائی علاقوں میں برف باری کے بعد سردی کی شدت برقرار ہے۔ پارا چنار میں برف باری کے بعد دلکش مناظرمزید نکھر گئے ہیں۔

بالائی علاقوں میں کئی روز سےجاری برف باری اور بارش کا سلسلہ تھمنے کے بعد سردی کا راج برقرار ہے۔

ایسے میں برف باری کے بعد دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے لیے پاراچنار میں نوجوانوں نے سیاحتی مقامات کا رخ کرلیا ہے ۔

نوجوانوں نے برفیلے میدان میں رقص کیا۔ خوبصورت لمحات کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا اور سرد موسم میں گرماگرم چائے سے لطف اٹھایا۔

گلگت بلتستان کے ضلع استور میں برف باری تھمنے کے بعد دھوپ نکلی تو معمولات زندگی بحال ہو گیاہے۔ لوگوں نے دکانوں ،سڑکوں اور گھروں کی چھتوں سے برف ہٹانے کا کام شروع کردیا ہے، جبکہ سڑکوں کی بحالی کا کام بھی جاری ہے۔

غذر، ہنزہ اور اسکرود میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے۔

مانسہرہ ،گلیات،سوات اور آزادکشمیر کے بالائی علاقو ں میں بھی برف بار ی کے بعد موسم شدید سرد ہے۔

برف باری اور سرد موسم انجوائے کرنے کےلیے سیاحوں کی بڑی تعداد ملکہ کوہسار مری پہنچی ہوئی ہے، سنو فیسٹول میں منچلے نوجوان بھنگڑے ڈال کر خوشی کا اظہار کررہے ہیں جبکہ کئی مقامات پر ٹریفک کے مسائل کا بھی سامنا ہے۔

تازہ ترین