• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر علوی نے خود کو غیر معمولی طور پر مصروف رکھا، مظفر آباد میں قانون ساز اسمبلی اور ایوان صدر میں سمینار سے خطاب مہمانوں کی تواضع، احسن اقبال و دیگر کیلئے خصوصی کافی، کشمیر پر سیمینار کی جھلکیاں

اسلام آباد (محمدصالح ظافر خصوصی تجزیہ نگار) یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں صدر ڈاکٹر عارف علوی نےخود کو دن بھر غیر معمولی طور پر مصرو ف رکھا۔ انہوں نے دوپہر کو آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں قانون ساز اسمبلی کے خصوصی ا جلاس میں شرکت کی اور اس سے خطاب کیا اور سہ پہر کو ایوان صدر واپس پہنچ کر جنوبی ایشیائی اسٹریٹجک اسٹیبلٹی انسٹی ٹیوٹ (ساس) یونیورسٹی کے زیراہتمام شاندار سیمینار کی صدارت کی اور اس سے خطاب کیا۔ سیمینار کے اختتام پر مہمانوں کی تواضع تلی مچھلی، گرما گرم چکن پٹیز، مختلف ذائقوں کی پیسٹری، سینڈوچز، قیمہ بھرے چھوٹے سموسوں سے کی گئی۔ چائے کے علاوہ ٹھنڈے مشروبات بھی موجود تھے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سابق وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال اور بعض دوسرے مہمانوں کے لئے خصوصی طور پر کافی کا بھی اہتمام کیا گیا۔ تاہم ایوان صدر کی روایتی برفی اور گلاب جامن کو بوفے کی میز پر رسائی حاصل نہیں ہوسکی۔ اس سیمینار سے پیپلز پارٹی کی نمائندگی کے لئے سابق وزیراعظم راجہ پرویز مشرف نے خطاب کرنا تھا تاہم پیپلز پارٹی کا کوئی رہنما اس میں شریک نہیں ہوا۔ صدر عارف علوی نے پروفیسر احسن اقبال جنہیں وہ سہواً ڈاکٹر احسن اقبال کہہ گئے کی موجودگی کا حوالے دیکر انہوں نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کشمیر کے مسئلے پر پاکستان میں کامل یکسوئی پائی جاتی ہے۔ سیمینار میں بعض ممالک کے سفیروں کے علاوہ مسلح افواج کے افسروں، وزارت خارجہ کے ریٹائرڈ حکام، دانشوروں اور اہل قلم نے قابل لحاظ تعداد میں شرکت کی۔
تازہ ترین