سیب کو اکثر معجزاتی پھل کہا جاتا ہے۔ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جو لوگ باقاعدگی سے سیب کھاتے ہیں، ان میں، روزانہ سیب نہ کھانے والے افراد کے مقابلے میں، خراب کولیسٹرول کافی کم ہوتا ہے، جس سے دل کے امراض کے خطرات کم ہوجاتے ہیں۔ سیب کا موسم تقریباً سارا سال رہتا ہے لیکن آپ جتنا سرخ سیبوں کو بازار میں دیکھتے ہوں گے، اس سے بہت کم نظر سبز یعنی ہرے سیبوں پر پڑتی ہوگی۔ سبز سیب اتنے ہی غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں جتنے کہ سرخ، بس فرق یہ ہے کہ ان کا مزہ تھوڑا سا مختلف ہوتا ہے، جیسے یہ سیب کھانے میں ذرا سے کھٹے میٹھے ہوتے ہیں ۔تاہم سبز سیب کی ایک خاص بات یہ ہے کہ ان کے فوائد بہت زیادہ ہوتے ہیں، یعنی اچھی صحت اور خوبصورتی کے لیے یہ پھل کافی بہترین مانا جاتا ہے۔ ان میں فائبر، منرلز اور وٹامنز کی مقدار بہت زیادہ پائی جاتی ہے۔سبز سیب کھانے سے، میٹابولزم میں اضافہ ہوتا ہے، سبز سیب جگر اور نظام ہاضمہ بھی بہتر کرتے ہیں، خون کی روانی میں مددگار ثابت ہوتے ہیں، وٹامن اے اور وٹامن سی کی موجودگی سے جلد کے کینسر کا خطرہ کم ہو جاتا ہے، اس سیب کو روزانہ کھانا ہڈیوں کے لیے مفید ہے اور یہ سدا بہار جوان رہنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
غذائی اہمیت
مختلف تحقیقات کے مطابق، سبز سیب غذائیت سے بھرپور پھل ہے۔ یہ وٹامن سے بھرپور ہوتا ہے اور اس میں عمل تکسیر کو روکنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ یہ ہمارے جسم کی حفاظت کرتے ہیں۔ مختلف انفیکشن اور بیماریوں کی جڑپیدا ہونے سے روکتے ہیں، اس میں غذائی اعتبار سے وٹامن کمپلیکس یعنی رائبو فلیون، تھائی مین اور وٹامن بی6 بھی موجود ہوتا ہے۔ یہ وٹامنز ہماری ذہنی صحت اور جسمانی صحت کے لیے ضروری ہوتے ہیں اور اس سے خون میں اضافہ ہوتا ہے۔ ساتھ ہی یہ فائبر سے بھرے ہوتے ہیں۔ کیلشیم ، پوٹاشیم اور فاسفورس اس کے دوسرے اجزاء میں شامل ہیں۔
میٹابولزم کے لیے فائدہ مند
سبز سیبوں میں فائبر کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے، لیکن اس سیب کو چھلکے سمیت کھایا جائے کیوں کہ چھلکے سمیت سیب کو کھانا صحت کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے۔ سبز سیب سے جگر اور نظام ہاضمہ بھی بہتر ہوتا ہے۔
خون کی روانی بڑھائے
سبز سیبوں میں چربی (Fat)کی مقدار کم ہوتی ہے جس سے جسم میں خون کی روانی اچھی رہتی ہے، جبکہ اس میں وٹامن ’کے‘ کی مقدار بھی بہت زیادہ ہوتی ہے، خون کی روانی بہتر ہونے سے دل کی کئی بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے۔
وٹامن اے اور وٹامن سی کی موجودگی
ہرے سیبوں میں وٹامن سی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے، جس سے جلد کے سرطان کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔ سبز سیب روزانہ باقاعدگی سے کھانے سے جلد تازہ رہتی ہے، جبکہ وٹامن اے بینائی کو بہتر بناتا ہے۔
ہڈیوں کے لیے مفید
طبی ماہرین کے مطابق، کئی وٹامن اور منرلز کی موجودگی کے ساتھ ساتھ، سبز سیب میں کیلشیم کی مقدار بھی بہت زیادہ ہوتی ہے، اور ہر روز ایک سبز سیب کھانے سے ہڈیاں اور دانت مضبوط ہوتے ہیں۔
سدا بہار جوان رہنے میں مددگار
ہرے سیب کے صحت پر بہت سے فائدے ہونے کے ساتھ ساتھ یہ خوبصورتی کے لیے بھی اہم پھل مانا جاتا ہے، جلد کو پرکشش رکھنے کے ساتھ یہ پھل آنکھوں کے نیچے پڑنے والے ہلکے بھی ختم کرنے میں کارآمد مانا جاتا ہے۔
ذیابیطس میں مفید
سیب انسانی صحت کے لیے انتہائی مفید پھل لیکن کون سا سیب ذیابیطس کے مریضوں کےلیے زیادہ مفید ہے؟ یہ شوگر کے مریضوں کے لیے جاننا ضروری ہے۔
ویسے تو پھل اور سبزیاں صحت کے لیے بہتر ہوتی ہیں لیکن ان کی اقسام اپنی مخصوص غذائیت یا خاصیت کے اعتبار سے ایک دوسرے پر فوقیت رکھتی ہیں۔ سبز رنگ کا سیب، جسے کچھ لوگ کچا سیب بھی کہتے ہیں، اس میں شوگر کی مقدار لال سیب کے مقابلے میں کم ہوتی ہے۔ غذائی سائنس کی ماہر فیونا ہنٹر کہتی ہیں کہ غذائیت اور فوائد کے اعتبار سے ان میں بہت فرق ہے۔ اپنی ویب سائٹ ’ہیلتھ سپین‘ پر فیونا بتاتی ہیں کہ ایک درمیانے سائز کے سبز سیب میں 17 گرام جب کہ درمیانے سائز کے لال سیب میں 23 گرام شوگر پائی جاتی ہے۔ اس لحاظ سے لال کے مدمقابل ذیابیطس کے مریضوں کےلیے سبز سیب زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ اس لحاظ سے دیکھا جائے تو سبز رنگ کا سیب صحت کے لئے زیادہ مفید ہے۔
سیب کاچھلکا ضرور کھائیں
سبز رنگ کا سیب ہاضمے کی بہتری اور کولیسٹرول کی سطح کم رکھنے میں مفید ثابت ہوتا ہے۔ رنگ جو بھی ہو، سیب کا چھلکا فائبر کا بہترین ذریعہ ہے، جبکہ اس میں اینٹی آکسیڈنٹ مادے بھی گودے کی نسبت پانچ گنا زیادہ ہوتے ہیں، لحاظ بہتر ہے کہ اسے اچھی طرح صاف کر کے چھلکے سمیت کھائیں۔