لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ او آئی سی اجلاس میں پہلی بار بھارت کو مہمان خصوصی کے طور پر دعوت دی گئی ہے ۔ اب بھارتی وزیر خارجہ عالم اسلام کے نمائندوں سے خطاب کرے گی جو ڈوب مرنے کا مقام ہے ۔ تمام مسلمان ملک بھارت کے دباؤ میں ہیںجس کے خلاف شکایت ہے وہی ملک اجلاس کا مہمان خصوصی بنا بیٹھاہے۔ پاکستان کو احتجاجاً اس اجلاس کا بائیکاٹ کر نا چاہیے تھا ۔ مودی صبح و شام دھمکیاں دے رہاہے جبکہ ہماری حکومت ایک آدھ بیان دینے کے بعد سو جاتی ہے ۔ پاکستان کی سا لمیت کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کو فوری طور پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اور آل پارٹیز کانفرنس بلا کر قوم کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا اور سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد دشمن کو ایک واضح پیغام جانا چاہیے تھا لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہوئی۔ان خیالات کااظہار انہوںنے سینیٹ اور اسلام آباد میں جماعت اسلامی شمالی پنجاب کی صوبائی لیڈر شپ ورکشاپ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔