امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے نریندر مودی کی سیاست کے خاتمے کا دعویٰ کردیا۔
منصورہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں سراج الحق نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سخت کشیدگی ہے اس کے باوجود مودی کی سیاست ختم ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے ساتھ کشیدگی میں امریکا نے کبھی بھی پاکستان کا ساتھ نہیں دیا،حکومت واشنگٹن سے کوئی توقع نہ رکھے۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ کشمیر میں جماعت اسلامی کے فلاحی اداروں پر بھارتی فوج کا قبضہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 23 مارچ کو پاکستان زندہ باد ریلی اور تحفظ پاکستان مارچ کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں، حکومت اس اضافے پر بھی یوٹرن لے۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ میثاق جمہوریت ہو یا کوئی اورمعاہدہ ہو، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور پرویز مشرف کچھ نہیں کر سکے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کا مجموعہ ہے۔