• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن کی پیشکش قبول کرلی

سپریم کورٹ آف پاکستان میں بحریہ ٹاؤن عمل درآمد کیس کی سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے بحریہ ٹاؤن کی پیشکش قبول کر لی۔

سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق بحریہ ٹاؤن کراچی 460 ارب روپے 7 سال میں ادا کرے گا،جبکہ 27 اگست تک 25 ارب کی ڈاؤن پیمنٹ دے گا۔

سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ پہلے 4 سال میں ڈھائی ارب روپے ماہانہ ادا کیے جائیں گے، باقی رقم 3 سال میں ادا کی جائے گی۔

سپریم کورٹ نے ہدایت کی کہ بحریہ ٹاؤن اقساط کی پہلی ادائیگی یکم ستمبر سے کرے گا، جبکہ ڈھائی ارب روپے کی پہلی قسط یکم اگست کو دے گا۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن اگراقساط کی ادائیگی میں تاخیر کرے گا تو 4 فیصد سود ادا کرے گا، رقم عدالت میں جمع ہوگی پھر اس کو قانون کے مطابق جس کو دینی ہے دیں گے۔

عدالت عظمیٰ نے حکم دیا کہ رقم کی ادائیگی سے متعلق بحریہ ٹاؤن کے ڈائریکٹر بیان حلفی عدالت میں جمع کرائیں۔

سپریم کورٹ کی جانب سے پیشکش قبول کرنے پر کمرۂ عدالت میں تالیاں بجائی گئیں، سپریم کورٹ نے کیس کے متعلقہ لوگوں کے خلاف ریفرنس دائر کرنے سے روک دیا۔

سپریم کورٹ نے پہلے سے تیار ریفرنس کو بھی دائر کرنے سے روک دیا اور کہا کہ اگر بحریہ ٹاؤن والے ڈیفالٹر ہوئے تو ریفرنس دائر کیا جائے گا۔

سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں یہ بھی کہا کہ کوئی بھی ریفرنس دائر کرنے سے پہلے عدالت کو الگ درخواست دی جائے گی۔

تازہ ترین