• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ، جنگ کے بعد پہلی بار پاک بھارت کرکٹ ٹیموں کا آج ٹکراؤ، جذبات عروج پر، بی سی سی آئی عہدیدار میچ سے قبل ہی رفو چکر

کراچی (عبدالماجد بھٹی…نیوز ڈیسک) ایشیا کپ میں مئی کی جھڑپوں کے بعد پاک بھارت ٹاکرا، جذبات عروج پر،سیاسی کشیدگی اورانڈیا کی بائیکاٹ باتوں کے باوجود دونوں ٹیمیں آج میدان میں اُترنے کو تیار،دونوں کپتانوں کا جارحانہ کھیل کا اعلان ،سیاسی کشیدگی اور بائیکاٹ کی دھمکیوں کے باوجود دونوں ٹیمیں کھیلنے کیلئے تیار ،بی سی سی آئی عہدیدار میچ سے قبل ہی رفو چکر ہوگئے ہیں، پاکستانی اوپنر صائم ایوب نے کہا ہے کہ ہمیں تمام ٹیموں کیخلاف بے خوف ہوکر کرکٹ کھیلنا ہے ،توجہ صرف پاک بھارت میچ پر نہیں ٹورنامنٹ جیتنے پر مرکوز ہے، بھارتی اسسٹنٹ کوچ ریان ٹین ڈوسچیٹ کا کہنا ہے کہ وہ جیو پولیٹیکل تناؤ کے پیش نظر، اس میچ کے ارد گرد کے "جذبات اور مضبوط احساسات سے واقف ہیں، انڈین کھلاڑیوں کو جذبات ایک طرف رکھنا ہوں گے، بھارتی صحافی کے سوال کےجواب میں انہوں نے کہا کہ کھیل اور سیاست کو الگ رکھنا ہوگا اس پر لوگوں کے خیالات مختلف ہیں۔ایشیا کرکٹ کپ کا سب سے بڑا ٹاکرا آج اتوار کی شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا، بڑے مقابلے کے ٹکٹس کی مانگ میں بدستوراضافہ ہوا ہے، ٹکٹوں کی قیمت 40 ہزار روپے سے شروع ہوکر 13 لاکھ روپے تک جا پہنچی ہے۔ پاکستانی کپتانسلمان آغا کا کہنا ہے منصوبے پر عمل کریں تو کسی کو بھی ہرا سکتے ہیں، دبئی میں آج ہونے والا پاک بھارت ایشیا کپ میچ غیر معمولی اہمیت اختیار کر گیا ہے کیونکہ دونوں ملک مئی میں چار روزہ فوجی جھڑپ کے بعد پہلی بار آمنے سامنے ہوں گے۔ سیاسی کشیدگی اور بائیکاٹ کی دھمکیوں کے باوجود دونوں ٹیمیں کھیلنے کو تیار ہیں۔ بھارت میں پاکستان کے خلاف میچ کی بائیکاٹ مہم کے باعث ایشیا کپ کا میزبان ہونے کے باوجود بھارتی کرکٹ بورڈ کے اہلکار منظر عام سے غائب ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی بورڈ نے پاک پاکستان کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کی مہم کی وجہ سے پاک بھارت میچ میں کسی بھی اعلیٰ عہدیدار کو دبئی بھیجنےکا فیصلہ نہیں کیا، بی سی سی آئی کے زیادہ تر آفیشلز میچ سے خود کو دور رکھ رہے ہیں۔بھارتی میڈیا پر بورڈ کے عہدیداروں کی میچ میں نظر نہ آنے کی پالیسی کو خاموش بائیکاٹ کہا جانے لگا ہے۔ادھر دبئی میں پری میچ پریس کانفرنس کے دوران پاکستانی اوپنر صائم ایوب نے کہا کہ ’ہم صرف پاک-بھارت میچ نہیں بلکہ ہماری توجہ ٹورنامنٹ جیتنے پر مرکوز ہے۔‘انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال اسی ٹورنامنٹ کی اہمیت ہے۔بھارت کے مضبوط باؤلنگ اٹیک کے مقابلے میں پاکستان کے نئے بیٹنگ انداز سے متعلق سوال پر صائم ایوب کا کہنا تھا کہ ’ہمارا فوکس تمام ٹیموں کے خلاف بے خوف کرکٹ کھیلنے پر ہے۔‘دریں اثناء پاکستان کے خلاف میچ کے حوالے سے ہندوستان کے اسسٹنٹ کوچ ریان ٹین ڈوسچیٹ نے کہا ہے کہ ٹیم نے کوئی مختلف تیاری نہیں کی، لیکن وہ اس میچ کے بارے میں "جذبات اور مضبوط احساسات سے واقف ہیں "۔پریس کانفرنس کے دوران،بھارتی اسسٹنٹ کوچ ریان ٹین ڈوسچیٹ نے وضاحت کی کہ ہر میچ کے لیے ان کا طریقہ کار ایک جیسا ہے۔تاہم، ٹین ڈوسچیٹ نے تسلیم کیا کہ ٹیم خاص طور پر حالیہ جیو پولیٹیکل تناؤ کے پیش نظر، اس میچ کے ارد گرد کے "جذبات اور مضبوط احساسات سے واقف ہے"۔ انہوں نے ذکر کیا کہ ٹیم مینجمنٹ نے میٹنگز میں اس مسئلے پر بات کی ہے، اور پیشہ ورانہ رہنے اور کھیل پر توجہ مرکوز کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑی لوگوں کے جذبات سے واقف ہیں لیکن انہیں اپنے ملک کے لیے کارکردگی دکھانے کے لیے ان جذبات کو ایک طرف رکھنا ہو گا۔ان کے مطابق ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر، جو پہلے پاکستان کے ساتھ کھیلنے کے خلاف بول چکے ہیں، نے بھی ٹیم کو ایک واضح پیغام دیا ہے: صرف سامنے موجود کام پر توجہ دیں اور بیرونی عوامل کو نظرانداز کریں۔ کوچز کھلاڑیوں کو کرکٹ کے حوالے سے "جذباتی نہ ہونے" کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، اور ایک مضبوط کارکردگی پیش کرنے کے لیے ان کی پیشہ ورانہ مہارت پر بھروسہ کر رہے ہیں۔صحافی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ  امید ہے کہ جس طرح ہم کھیلیں گے وہ کھلاڑیوں کے اپنے ملک کے بارے میں جذبات کو ظاہر کرے گا۔ میں اس پوزیشن کو سمجھتا ہوں اور جیسا کہ میں نے پہلے کہا، ہم اس جذبات کو سمجھتے ہیں۔ لیکن ہم اس وقت جو بی سی سی آئی اور بھارتی حکومت نے ملک کے لیے درست سمجھا ہے، اس کی پیروی کر رہے ہیں۔  قبل ازیں میڈیا رپورٹس کے مطابق چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی بورڈ کے تمام اعلیٰ اور اسٹیٹ ایسوسی ایشنز کے عہدیدار دبئی میں موجود تھے، آئی سی سی چیئرمین جے شاہ نے میچ کے بجائے امریکا میں ایک میٹنگ میں شرکت کا فیصلہ کیا تھا۔بھارتی میڈیا رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیوجیت سائیکیا ویمنز ورلڈکپ کی تیاری کا کہہ کر دبئی نہیں جا رہے جبکہ آئی پی ایل چیئرمین ارون دھمال نے بھی میچ اسٹیڈیم میں نہ دیکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے بی سی سی آئی کے نائب صدر اور ایشین کوکٹ کونسل کے ایگزیکٹو بورڈ کے ممبر راجیو شکلا بھارت کی جیت کی صورت میں کیمرے پر نظر آ سکتے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کے دیگر عہدیداران بھارت کی ممکنہ فتح کی صورت میں ہی منظر عام پر آئیں گے۔ بھارت، جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ چیمپئن ہے، بُمرہ اور شبمن گل کی واپسی کے بعد مضبوط ٹیم دکھائی دیتی ہے اور یو اے ای کو نو وکٹوں سے روندنے کے بعد پر اعتماد ہے۔ دوسری جانب پاکستان نے عمان کو شکست دی ہے اور اب کسی بھی ٹیم کو ہرانے کیلئے پر جوش ہے۔ دونوں کپتانوں نے جارحانہ کھیل کے عزم کا اظہار کیا ہے، جس سے میچ میں کھیل کے ساتھ ساتھ جذباتی اور سیاسی پہلو بھی شدت اختیار کر گئے ہیں۔ پاکستان کے 17رکنی اسکواڈ میں سلمان علی آغا (کپتان)، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد حارث (وکٹ کیپر)، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان مرزا، شاہین شاہ آفریدی اور سفیان مقیم شامل ہیں ۔

اہم خبریں سے مزید