• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ سے لڑنا نہیں چاہتا،الطاف حسین

لندن (جنگ نیوز) متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ الطاف حسین نے پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسے ماضی سے سبق سیکھنا چاہئے اور یہ کہ ’’میں لڑنا نہیں چاہتا۔ بی بی سی کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ سے لڑنا نہیں چاہتے۔ پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ کے بارے میں مزید بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کو ان سے مشورہ کرنا چاہئے کیونکہ وہ بہت کچھ جانتے ہیں۔ پہلے میں آپ کو تعاون کی پیش کش کر چکا ہوں، آپ کو سلیوٹ کر چکا ہوں، آپ نے اس کی لاج نہیں رکھی۔ انھوں نے کہا کہ وہ دوبارہ تعاون کی پیش کش کرتے ہیں کیونکہ آپ میرے اپنے وطن کے سپاہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ الطاف حسین کو دشمن مت سمجھو، اپنا سمجھو، ایم کیو ایم کو اپنا سمجھو۔ الطاف حسین جو برطانوی شہریت اختیار کرچکے ہیں انھوں نے پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ سے کہا کہ وہ ان سے تعاون کریں اور انھیں اختیار دے کر تو دیکھیں۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ وہ دس سال میں اس وطن یعنی پاکستان کو دنیا کا سب سے زیادہ ترقی یافتہ ملک نہیں تو دنیا کے ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں لا کر کھڑا کر دیں گے۔ اس بات کو آگے بڑھاتے ہوئے انھوں نے اپنے مخصوص انداز میں کہا کہ اگر وہ اپنے دعوے کو پورا نہ کر سکیں تو پھر جو چور کی سزا وہ میری۔ گزشتہ دو دہائیوں سے لندن میں مقیم ایم کیو ایم کے رہنما نے بھارتی خفیہ ادارے ’را‘ سے تعلقات اور پیسے وصول کرنے کے الزامات کے بارے میں سوال کا جواب گول مول انداز میں دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’ر‘ سے رسول اور ’الف‘ سے اللہ ہوتا ہے اور ان کا ’را‘ سے یہی تعلق ہے اور رہے گا۔ متحدہ قومی موومنٹ میں موجودہ شکست و ریخت کے بارے میں انھوں نے کہا کہ انسان کی پانچ ہزار سال پرانی تاریخ یہ بتاتی ہے کہ جب بھی کسی مضبوط تحریک نے جنم لیا ہے اسے اسی قسم کی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ چھوڑ کر جانے والوں کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ایسے تمام لوگوں نے ماضی میں بھی منہ کی کھائی اور اب بھی کھائیں گے۔ اپنی صحت کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ وہ آج بھی اتنا کام کرتے ہیں کہ اگر کوئی صحت مند شخص بھی کرے تو تین دن میں ہسپتال پہنچ جائے گا۔
تازہ ترین