ٹیکساس میں ہونے والے آئرن مین ٹرائی ایتھلون مقابلے کے دوران برازیل سے تعلق رکھنے والی معروف ایتھلیٹ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر مارا فلاویا ڈوب کر ہلاک ہوگئی۔
38 سالہ مارا فلاویا مقابلے کے پہلے مرحلے یعنی اوپن واٹر سوئمنگ میں حصہ لے رہی تھیں، جب وہ اچانک پانی میں لاپتا ہوگئیں۔ ریسکیو اہلکاروں کو صبح تقریباً ساڑھے 7 بجے ایک تیراک کے لاپتا ہونے کی اطلاع ملی، جس کے بعد فوری طور پر تلاش کا عمل شروع کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق خراب حدِ نگاہ کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں، تاہم دو گھنٹے بعد غوطہ خور ٹیم نے ان کی لاش پانی سے نکال لی۔
مقامی حکام نے تصدیق کی کہ مارا فلاویا کی موت مقابلے کے سوئمنگ مرحلے کے دوران ڈوبنے سے ہوئی، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
مارا فلاویا نے حادثے سے صرف دو روز قبل اپنی آخری انسٹاگرام پوسٹ میں سوئمنگ پول کے کنارے بیٹھے ہوئے تصویر شیئر کی تھی، جس کے ساتھ انہوں نے لکھا تھا: "کام کا ایک اور دن"۔
وہ سوشل میڈیا پر 60 ہزار سے زائد فالوورز رکھتی تھیں اور برازیل میں ٹرائی ایتھلون کی معروف شخصیت سمجھی جاتی تھیں۔ مارا فلاویا اس سے قبل برازیلین گراں پری دو مرتبہ جیت چکی تھیں۔