وزیر اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ زرداری اور نواز چاہے اکٹھے ہوجائیں ،جو مرضی چاہے کرلیں ،پھر بھی ہم ان کو نہیں چھوڑیں گے، ان کے پاس صرف ایک ہی راستہ ہے،قوم کا پیسہ واپس کریں۔
وزیراعظم عمران خا ن نے گھوٹکی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب ان کا احتساب کیا گیا تو ٹرین مارچ شروع ہو گیا، جمہوریت خطرے میں آ گئی،جب چوری بچانے کےلیے ٹرین مارچ کرتے ہیں تو دو، دو ہزار روپے دے کر لوگوں کو بلانا پڑتا ہے، اٹھارہویں ترمیم کے بعد وفاق دیوالیہ ہو گیا ہے، اندرونِ سندھ میں غربت کی وجہ کرپشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کو پاکستان کا سب سے خوشحال صوبہ ہونا چاہیے تھا، سب سے زیادہ گیس یہاں سے نکلتی ہے،سندھ میں 10 سال میں صرف گیس کی رائلٹی 234ارب رو پے آئی،سوال یہ ہے کہ اس میں سے گھوٹکی کو کتنا حصہ ملا؟جہاں سے 70فیصد گیس نکلتی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ علی گوہرمہرصاحب کا شکریہ جنہوں نے مجھےیہاں دعوت دی ، سندھ کی زمین زرخیز ہے، گندم، کپاس اور گنا سب یہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد اپنے عوام کو اٹھا کر اوپر لے گئے، انہوں نے دنیا بھر کےمسلمانوں کےلیے مثال قائم کی، ان سے پہلے کرپٹ حکومت نے ملائیشیا کو مقروض کر دیا تھا، ملک غریب نہیں ہوتے کرپشن قوموں کو غریب کر دیتی ہے، اگر آج پاکستان تاریخی قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے تو اس کی وجہ کرپشن ہے،چند دہائیاں قبل پاکستان دنیا کے لیے مثال تھا۔
عمران خان نے کہا کہ جب کرپشن پھیلتی ہے توعوام کا پیسہ چوری ہوتا ہے،کرپشن کرنےوالوں کا احتساب ہوتا ہے تو جمہوریت خطرے میں آ جاتی ہے، پہلے شریف برادران کہتے تھے زرداری کرپٹ ہے، زرداری کہتا تھا کہ شریف برادران کرپٹ ہے۔
انہوں نے نواز شریف اور آصف زرداری سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ پھر کہتا ہوں کہ ہم آپ کونہیں چھوڑیں گے، آپ کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ قوم کا پیسہ واپس کریں ہم آپ کوچھوڑ دیں گے، جب سے سندھ آرہا ہوں سندھ کو پیچھے جاتے دیکھا، سب کو پتہ ہے کہ سندھ کا پیسہ کہاں گیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پہلے پنجاب میں پانامہ کی جنگ چل رہی تھی، اب میں اندرون سندھ میں زور لگاؤں گا، میں سندھ ووٹ کے لیے نہیں آؤں گا، بلکہ سندھ کو اوپر اٹھانے کے لیے آؤں گا، ملک میں سب سے زیادہ غربت بلوچستان اور اندرون سندھ میں ہے، غربت ختم کرنے کے لیے ملک میں جہاد شروع کر رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اندرون سندھ پولیس کا استعمال کیا جاتا ہے، مخالفین کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر کاٹی جاتی ہیں، اندرون سندھ لوگوں کی مشکلات دور کریں گے، غریب کسان کے حقوق غصب کرنے والوں کے خلاف لڑیں گے، نئے پاکستان میں جس علاقے سے جو معدنیات نکلے گی اس کا پہلا فائدہ اسی علاقے کو ہو گا۔