قومی احتساب بیورو (نیب) کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نون کے رہنما اور میاں شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو حراست میں لینے کیلئے یہ چھاپہ مارا گیا ہے۔
نیب ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کے خلاف چھاپہ مارا گیا ہے۔
نیب ذرائع نے یہ بھی کہا کہ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز اور نیب کی ٹیم کے درمیان الزامات پر گفتگو جاری ہے۔
واضح رہے کہ نیب نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ نون کے صدر میاں شہبازشریف کی لاہور میں رہائشگاہ 96 ایچ پر چھاپہ مارا ہے۔
مسلم لیگ نون پنجاب کے ترجمان ملک محمد احمد کے مطابق نیب والے بغیر وارنٹ میاں شہباز شریف کے گھر کی تلاشی لینے کے لیے آ ئے ہیں۔
دوسری جانب حمزہ شہباز کے وکیل عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے احکامات واضح ہیں کہ نیب کو چھاپے سے 10 روز قبل حمزہ شہباز کو آگاہ کرنا ہو گا تاکہ وہ عدالت سے رجوع کر سکیں۔