• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت مجھے عوام سے دور کرنا چاہتی ہے، زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ایک سازش کے ذریعے مجھے عوام سے دور کرنا چاہتی ہے، میں خوفزدہ ہونے والا نہیں ہوں،ماضی میں بھی مجھے اور بی بی شہید کو جھوٹے الزامات میں جیل میں رکھا گیا۔


زرداری ہاؤس نواب شاہ میں اراکین اسمبلی، پارٹی عہدیداروں ا ور کارکنوں کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ 18 ویں ترمیم 8 ماہ کے بحث و مباحثہ کے بعد منظور کی گئی ہم اس ترمیم کو کسی صورت ختم نہیں ہونے دینگے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں ڈالر 155 روپے کی سطح پر پہنچا جس کی وجہ سے ملکی قرضوں میں 55 فیصد اضافہ ہوا۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ نیازی حکومت کے خلاف جب مارچ شروع کرینگے تو سب ہمارے ساتھ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کرنا عمران کے بس کی بات نہیں ہے، عمران خان صرف چندہ لینا جانتا ہے حکومت کرنا نہیں۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ میں جھوٹے مقدمات سے قانونی طور پر بری ہو جاؤں گا، کارکن پریشان نہ ہوں، میں خود مقابلہ کروں گا،اس وقت بھی مولانا فضل الرحمان، اسفندیار ولی، بلوچستان کے بلوچ، کے پی کے سے کچھ افراد اور فاٹا کے اراکین اسمبلی میرے ساتھ ہیں۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہے میرے مقدمات میں ججز پر دباؤ ہے، میں مقدمات سے نہیں ڈرتا ،میرے خلاف سب مقدمات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔

تقریب میں آفتاب زرداری، سابق صوبائی وزیر قانون ضیاء الحسن لنجار، اراکین سندھ اسمبلی حاجی علی حسن زرداری، غلام قادر چانڈیو، طارق مسعود آرائیں، سردار خان محمد ڈاہری، چیئرمین بلدیہ حاجی عظیم مغل، چیئرمین ضلع کونسل علی اکبر جمالی سمیت دیگر عہدیداروں، کارکنوں کے علاوہ شہری عمائدین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر میڈیا کو تقریب کی کوریج کی اجازت نہیں تھی۔

تازہ ترین