• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم حسن

موسم کی تبدیلی خواتین کی جلد پر بھی اثر انداز ہوتی ہے ،کچھ خواتین کی جلد بہت زیادہ حساس ہوتی ہےاور کچھ کی نارمل لیکن موسم کی وجہ سےتھوڑی بہت سب ہی کی جلد متاثر ہوتی ہے ۔اکثرخواتین اپنی خوبصورتی کو بر قرار رکھنے اور جلد کی حفاظت کے لیے نت نئے طریقوں ،نسخوں اور کریموں کو آزماتی اور چہرے کی حفاظت کے لیے ہزار جتن کرتی ہیں لیکن زیادہ تر خواتین یہ نہیں جانتیں کہ ان کی جلد کس قسم کی ہے ۔اسی وجہ سے ان کو نقصان بھی اُٹھنا پڑتا ہے ۔ذیل میںہم آپ کوموسم گرما میں چہرے کی حفاظت کے بارے میں بتا رہے ہیں ۔ ان طریقوں پر عمل کر کے آپ موسم گرما میں اپنے چہرے کی جلد کی حفاظت بہ خوبی کر سکتی ہیں ۔سب سے پہلے چہرے کو دھولیں پھر ٹشو پیپر سے ہلکے ہاتھوں سے تھپ تھپا کےخشک کر لیں ۔بعد ازاں ٹشو پیپر کو چہرے کے مختلف حصو ںپر رکھ کر آہستہ سے دبائیں ،اگر آپ کی جلد چکنی ہے تو ٹشو پیپر پر روغنی دھبے رونما ہوجائیں گےاور اگر ٹشو چہرے کے کسی بھی حصے پر نہ چپکے اور نہ ہی اس پر چکنے دھبے نظر آئیں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کی جلد خشک ہے ۔اگر ٹشوآپ کی پیشانی ،ناک یا ٹھوڑی پر چپک جائے تو آپ کی جلد نارمل ہے۔ویسے تقریبا ً70 فی صد خواتین نارمل جلد کی حامل ہوتی ہیں ۔

کلینزنگ

دھول، مٹی، گرد و غبار، دھوئیں وغیرہ سے جلد کے مسام بند ہو جاتے ہیں۔ اسی لیے جلد کی صفائی بہت ضروری ہوتی ہے، تاکہ چہرےپر کیل مہاسے نہ نکلیں۔سب سے پہلے چہرے کی کلینزنگ کے لیے اچھے اور معیاری کلینزر کا انتخاب کریں یا پھر گھریلو اور قدرتی کلینز ر بھی استعمال کرسکتی ہیں۔ جیسے کہ دودھ اور لیموں کا رس، نیم کا لیپ، بیسن اور لیموں کا رس، لیموں، نیم اورکینو کے خشک پتوں کا پاؤڈر ، ٹماٹر کا گودا، پپیتے ، آڑواور ایلوویرا کا گودا بھی جلد کے لیے مفید ہے ۔ اسے چہرے پر صابن کی طرح ملیں اور پھر سادے پانی سے دھو لیں۔یاد رکھیں کہ چہرے کی کلینزنگ زیادہ دیر تک نہ کریں۔اس کے لیے دو تین منٹ کافی ہے ۔کلینزنگ اگر رات کو سونے سے قبل کی جائے تو زیادہ اچھا ہے ۔اگر آپ بازار سے کلینزنگ ملک لینا پسند کرتی ہے تو کریمی کلینزر کا انتخاب کریں ۔اس کو لگانے کے بعد چہرے پر پانی کی چھینٹے مارکر چہرہ خشک ہونے دیں ۔گرمی کے موسم میں چہرے کو دھونے کا بہترین طر یقہ یہ ہے کہ پہلے نیم گرم پانی سے دھوئیں ۔اس سے نہ صرف چہرے پر موجود گردوغبار صاف ہوتا ہے ،بلکہ چکنا ہٹ بھی صاف ہوجاتی ہے ۔علاوہ ازیں بند مسام بھی کھل جاتے ہیں۔ بعدازیں سادے پانی سے چہرہ دھولیں۔

اسکرب

بعض خواتین فیشل تو پابندی سے کرتی ہیں، مگر وہ اسکرب کا استعمال نہیں کرتیں۔ اسکرب سےجلدپر جمی میل بہت اچھے سے صاف ہوجاتی ہے اور یہی چہرے کو تروتازہ بناتا ہے ۔اسکرب سے چہرے پر موجود مردہ خلیات بھی نکل جاتے ہیں ۔چہرے کو تر وتازہ رکھنے کے لیےہفتے میں ایک بار اسکرب کرنا لازمی ہے ۔چہرے کے لیے ہمیشہ نرم اسکرب کا استعمال کریں،کیوں کہ سخت اسکرب کا استعمال جلد کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے ۔ آپ گھرمیں بھی اسکرب تیارکر سکتی ہیں۔ آڑو، پپیتے ،کھیرے ، گاجر، بیسن، آٹے کی بھوسی، ٹماٹر، لیموں اور نیم کے خشک پتوں کو پیس کر اسکرب تیار کیاجاسکتا ہے ۔ چہرےسے تیل، میک اپ اور گرد و غبار صاف کرنے کے لیے اس میں لیموں کا رس اور عرق گلاب بھی شامل کر سکتی ہیں۔ یہ آپ کی جلد پر ٹونر کا کام بھی کرے گالیکن اگر آپ نے اچھی طرح سے کلینزر کا استعمال کیا ہے تو پھر ٹونر استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

موئسچرائزنگ

چہرے کے لیے سب سے بہترین موئسچرائزر صاف پانی اور عرق گلاب ہے۔ بازار میں ملنے والے موئسچرائزر بھی انہی کا مرکب ہوتے ہیں۔ علاوہ ازیں بازار میں عرق گلاب کا اسپرے بھی باآسانی مل جاتاہے۔ آپ اسے بھی ضرورت کے وقت استعمال کر سکتی ہیں، لیکن حد سے زیادہ موئسچرائزر استعمال کرنے سے جلد کے مسام بند بھی ہو سکتے ہیں۔

آئی کریم اور سن اسکرین

اکثر گرمی کے موسم میں ماہرین ِحسن آئی کریم کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں ۔آنکھوں کے اردگرد کی جلد نہایت نازک ہوتی ہےاور اس جگہ پر جھریاں سب سے زیادہ پڑتی ہیں اورآئی کریم آنکھوں کی حفاظت میں اہم کردار ادا کرتی ہے ۔تیز دھوپ میں باہر نکلنے سے پہلے آئی کریم ضرور استعمال کریں ۔گرمی کے موسم میں سن اسکرین کا استعمال جلد کے لیے بہترین ہے ۔باقاعدگی سے اس کا استعمال آپ کے چہرے کونکھرا نکھرا رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے ۔

ماسک

چہرے کی جلد کی حفاظت میں ماسک بھی اہم کردار ادا کرتا ہے ۔خصوصاً موسم ِ گرما میں اس کا استعمال چہرے پر ایک الگ ہی نکھار لاتا ہے ۔ہر بل ماسک چہرے کے لیے سب سے بہترین سمجھاجاتا ہے،کیوں کہ یہ ماسک اسکرب کا کام بھی کرتا ہے ۔آپ چاہیں تو اپنی جلد کی مناسبت سے ماسک گھر پر بھی تیار کرسکتی ہیں ۔گھر پر ماسک تیار کرنے کے لیے دو چمچے چنے ، مکئی، جوار یا گیہوں کے آٹے میں چند قطرے لیموں کا رس ،ایک چٹکی ہلدی ،دودھ یا سادے پانی میں شامل کر کے لیپ بنالیں ،پھراس کو ماسک کی طرح چہرے پر لگا ئیں اور خشک ہونے پر سادے پانی سے دھولیں۔ملتانی مٹی کو عرق گلاب ، سادے پانی یا دودھ میں بھگو دیں ،پھر یہ آمیزہ چہرے اور گردن پر دس منٹ تک لگا رہنے دیں۔خشک دودھ میں چند قطرے لیموں کا رس شامل کر کے اس کا آمیزہ بناکرچہرے و گردن پر لگائیں۔یہ تمام ماسک چہرے کی رنگت نکھارنے اور داغ دھبے دور کرنے کے لیےبہترین ہیں ۔

تازہ ترین