• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشہور امریکی سنگر لائنل رچی جس طرح اپنے فن میں جنون کا مظاہر ہ کرتے ہیں۔اسی طرح انہوں نے بیورلی ہلز میں اپنے 28 کمروں پر مشتمل گھر کیلئے بھی بڑے جوش و جذبے سے کام کیا، جس کی انٹیریئر ڈیزائننگ کے لیے انھوں نے پیٹرشفاندو اور جوناتھن جوزف کی خدمات حاصل کیں۔

لائنل رچی کہتے ہیں، ’’ میں اپنے گھر کے بارے میں وہی محسوس کرتا ہوں جیسا اپنے میوزک کے بارےمیں احساسات رکھتا ہوں، یعنی آپ کو چانس لینا چاہئے۔ جیسے کہ میں روایت سے ہٹ کر میوزک دینے کی کوشش کرتا ہوں، یہ گھر بھی میرے لیے ایک چیلنج ہی تھا‘‘۔

بیورلی ہلز میں داخل ہوتے ہی10منٹ کے اندر آپ کے سامنے آجانے والا یہ مینشن 1929ء میں تعمیر کیا گیا تھا۔ بقول لائنل رچی اٹالین رینیسنس ریوائیول کے اسٹرکچر پر بنا یہ مینشن ابھی تک کسی قسم کی مرمت اور تزئینِ نو سے محفوظ ہے۔ جو بھی اسے دیکھتا ہے اس کے منہ سے ’خوبصورت‘ کا لفظ نکلتاہے۔ اسی وجہ سے لائنل بھی اس گھر میں کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ سے گریزکرتے ہیں اور جیساہے، جہاں ہے کی بنیاد پر اپنے بیوی بچوں کے ساتھ ایک خوشگوار زندگی گزاررہے ہیں۔

اس گھر کا فرش لکڑی سے بنا ہوا ہے، جس پر سفید قالین بچھے ہیں۔ انٹرینس میں چمکتی ہوئی لائم اسٹون کی دیواریں، اندھیر ے میں بھی روشن نظر آتی ہیں جبکہ گھر کے باہر آنکھوں کو خیرہ کرتا گارڈن اس مینشن کی شان بڑھاتاہے۔ لائنل کو جب اپنے گیتوں کے بول لکھنے میں مشکلات ہوتی ہیں یا ان کے ذہن میں الفاظ نہیں آتے تو وہ اس گارڈن کے آخر تک ٹہلنا شروع کردیتے ہیں اور پھر الفاظ ذہن میں اترنا شروع ہو جاتے ہیں۔

لائنل کے مینشن کا ہر کمرہ اس قدر پرشکوہ ہےکہ خود لائنل کا ٹھہرنا بھی اس میں محال ہو جاتاہے کیونکہ وہ اس کی خوبصورتی میں کھو جاتے ہیں اور اپنے گانے کے بول تک بھول جاتے ہیں۔ بحیثیت مشہور سیلیبریٹی انہوں نے اپنے آرکیٹیکچر کو عزت و احترام سے نوازا ہے اور اس میں وہی ماحول قائم کیا ہے، جوان جیسی مشہور سیلیبریٹی کو زیب دیتا ہے۔

یہاں تک کہ لیونگ روم میں بھی اٹھارہویں صدی کی ایمبرائیڈڈ وال ہینگنگ نظر آتی ہیں، جس کےبیک ڈراپ میں ایک خوبصورت پیانو اس کی دلکشی میں اضافہ کرتا اور ٹیکسچروالا سِلک فرنیچر اس کمرے کی خوبصورتی کو اور جِلا بخشتاہے۔

اس گھر کا ماسٹر باتھ روم ان کی سابقہ بیوی ڈایانے رچی اور ڈیزائنر کرن کارسیلو نے ڈیزائن کیا تھا ۔ اوک فلور(شاہ بلوط کا فرش) اور لائم اسٹون آتش دان سے بنا وسیع باتھ روم بالکل لیونگ روم جیسا تاثر دیتاہے۔ مرکز میں رکھا جہازی سائز باتھ ٹب اس کے ماحول کو اوربھی خوبصورت بناتا ہے۔

لائنل رچی کی عظمت کو بیان کرتے ڈھیر سارے ایوارڈز بشمول 5 گریمی، 16امریکن میوزک ایوارڈز اور1986ء کا بیسٹ اوریجنل سونگ آسکر ایوارڈ لائبریری میں اوک سے بنے شیلف میں موجود ہیں۔

اس کے نیچے اٹھارہویں صدی کی سرخ لکڑی سے بنی کرسیاں، اخروٹ کی لکڑی سے بنی ٹیبل کے ارد گرد رکھی ہیں۔ ساتھ ہی لائم اسٹون مینٹل ہے، جس کے اوپر افریقی مجسمے کے ساتھ ایک صندوق رکھا ہوا ہے۔

ماسٹر بیڈ روم بھی اپنی الگ ہی شان رکھتاہے، یہاں کی کھڑکیوں سے گھر کے بائیں طر ف بنے روز گارڈن کے نظارے من کو لبھاتے ہیں۔ یہ بیڈ روم بھی لیونگ روم کا تاثر پیش کرتا ہے کیونکہ آپ کو یہاں بھی دبیز اور خوبصورت صوفے نظرآئیں گے۔

اس مینشن میں ایک سنگنگ روم بھی ہے، جہاں رکھا پیانو لائنل کے زیر استعمال رہتاہے۔ اس پیانو پر لائنل نے بہت سارے ہٹ گانے کمپوز کیے ہیں۔ اس پیانو کےساتھ دیوار پر لگی پینٹنگ ان کے دیرینہ دوست مائلز ڈیوس کی فنی صلاحیتوں کا شاہکار ہے۔

لائنل رچی کا گھر ان کی شخصیت کی طرح پرشکوہ ہے، اونچی اونچی چھتیں، ڈرامائی زینے، وقت کی قید سے آزاد دلکشی، غرض جو کچھ اس گھر میں ہے، دنیا میں کہیں اورملنا ناممکنات میں سے لگتاہے۔ ا س مینشن کےکمروں کو لائنل کمرہ نہیں بلکہ ڈیسٹینیشن یعنی ’’ منزل ‘‘ کہتے ہیں۔ لائنل کا کہنا ہے،’’ جب مجھے پیرس میں کسی کمرے میں ٹھہرنے کا من کرتاہے تو میں اوپری منزل پر موجود کمرے میں چلا جاتا ہوں اور خود کو بند کرلیتا ہوں۔ اٹلی جانا ہوتو باہر نکلتا ہوں اور پتھروں سے بنے راستے پر چلتا ہوا گارڈن کے ساتھ بنے کارڈینل ہائوس میں چلا جاتا ہوں۔ میں چونکہ ہر ہفتے ہی کسی نہ کسی ٹور پر ہوتا ہوں، اسی لئے جب لوگ پوچھتے ہیں کہ میں  چھٹیاں کہاں منانے جا رہا ہوں تو میرا جواب ہوتا ہے۔ اپنے گھر!‘‘ 

تازہ ترین