• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپ کسی بھی شعبہ میں تجربہ کار افراد سے بات کریں، ایک عام شکایت جو سب کرتے نظر آتے ہیں، وہ یہ ہوتی ہے، ’ہمارا زمانہ بہت کٹھن تھا، ہمیں ہر کام اور ہر ایک چیز ہاتھ سے کرنا پڑتی تھی‘۔ اگر اس میں آرکیٹیکچر کے پیشے کو شامل کرلیا جائے تو یہ شکایت تھوڑی سی اور طویل ہوجائےگی، ’ہمیں ہر ایک چیز ہاتھ سے ڈرا کرنا پڑتی تھی اور کوئی بھی غلطی ہونے کامطلب یہ ہوتا تھا کہ ساری ڈرائنگ کو نئے سرے سے بنانا پڑے گا۔ نئی نسل کو بہت آسانیاں ہیں‘۔ یہ حقیقت ہے کہ آرکیٹیکچر کے شعبے میں آج جس طرح کام ہورہا ہے، وہ ایک دہائی قبل کے مقابلے میں بالکل مختلف ہے۔ سوفٹ ویئر ڈویلپرز کی جانب سے بنائے گئے پروگرام اور ایپلی کیشنزنے آرکیٹیکچر کو نئی جہتیں بخشی ہیں۔ اس وقت مارکیٹ میں آرکیٹیکٹس کے لیے کئی پروگرام /ایپلی کیشنز دستیاب ہیں، جن میں سے اچھی ایپس کا انتخاب یقیناً ایک مشکل کام ہے۔ آپ کی سہولت کے لیے ہم آرکیٹیکچر کی چند بہترین ایپس کا جائزہ پیش کررہے ہیں۔

(A360 (iOS/Android

آپ کو وہ وقت تو یاد ہوگا جب CADکی کسی بھی فائل کو کھولنے کے لیے آپ کو کمپیوٹر کے پاس جانا پڑتا تھا کیونکہ یہ ڈرائنگز آپ کے موبائل فون پر دستیاب نہیں ہوتی تھیں۔ آٹوڈیسک نے اس مسئلے کا زبردست حل نکالتے ہوئے Autodesk A360ایپ تیار کی ہے۔ آپ نےجس کسی بھی سوفٹ ویئر پر2Dیا 3Dڈرائنگز تیار کی ہیں، آپ ان کا اس ایپلی کیشن کے ذریعے اپنے موبائل پر جائزہ لے سکتے ہیں، ڈیزائن پر ضروری مارک لگا سکتے ہیں، اس کا طول و عرض ناپ سکتے ہیں اور ہر وقت پراجیکٹ کی پیشرفت پر نظر رکھ سکتے ہیں۔

(BIMx (iOS/Android

BIMxایک ایوارڈ یافتہ موبائل فون ایپ ہے۔ اس میں ایک ایسی منفرد ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے، جس کے ذریعے 2D اور 3Dبلڈنگ پراجیکٹ کی سمت کا تعین کیا جاسکتا ہے۔ اس کا ’ہائپر ماڈل‘ فیچر ڈیزائن اسٹوڈیو اور تعمیراتی سائٹ پر کام کے درمیان فاصلے کو ختم کردیتا ہے۔کلائنٹ، آرکیٹیکٹ اور تعمیرات کرنے والے ٹھیکیدار، اس ورچوئل فیچر کے ذریعے سائٹ کو نہ صرف دیکھ سکتے ہیں بلکہ گھوم کر 3Dماڈل میں تبدیلیاں بھی تجویز کرسکتے ہیں۔ موقع پر ہی مسئلے کے ادراک کے لیے یہ ایک بہترین ایپ ہے۔

Autodesk Sketchbook

یہ ایپ بھی ایپل اور اینڈرائیڈ دونوں طرح کے موبائل فون پر دستیاب ہے۔ آٹو ڈیسک کا ماننا ہے کہ تخلیق کا آغاز ایک سوچ سے ہوتا ہے اور اکثر اوقات آپ کو پتہ نہیں ہوتا کہ وہ سوچ یا تصور کس لمحے آپ کے ذہن میں وارد ہوگا۔ وہ آئیڈیا بس میں سفر کرتے وقت بھی آسکتا ہے، میٹنگ یا لیکچر میں مقررکو سنتے وقت بھی آسکتا ہے اور یہاں تک کہ باتھ روم میں بھی آسکتا ہے۔ بس خدشہ یہ رہتا ہے کہ اگر اس آئیڈیا کو فوری طور پر محفوظ نہ کیا گیا تو وہ دماغ سےنکل سکتا ہے۔ اسی بات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے آٹوڈیسک نے یہ ایپ ڈویلپ کی ہے۔ اس میں پنسلز اور مارکرز کے علاوہ آپ کی سہولت کے لیے190برشز کے آپشنز دیے گئے ہیں۔ اس ایپ میں Predictive Strokeکا آپشن بھی موجود ہے، جو لائنوں اور شکلوں کو خود بخود سیدھا اوردرست کرتا ہے۔

(Concepts (iOS

Conceptsبنیادی لحاظ سے ڈیجیٹل اسکیچنگ پیپر کی ایک بہترین ایپ ہے۔64-bit Precisionاور Multi-threaded Renderingآپشنز کے ساتھ یہ ایک آسان، تیر بہ ہدف اور انتہائی تیز ایپ ہے۔ یہ بھی ایک ایوارڈ یافتہ آرکیٹیکچرل ایپ ہے۔ یہ ان آرکیٹیکٹس، اِلسٹریٹرز، پراڈکٹ ڈیزائنرز اور ویژوئل ڈویلپرز کے لیے ایک مؤثر اور نتیجہ خیز ایپ ہے، جو چھوٹی سے چھوٹی تفصیلات پر سمجھوتا کیے بغیر اپنی تخلیقات کو محفوظ کرنا چاہتے ہیں۔

(Morpholio Trace(iOS

یہ نسبتاً ایک پرانی ایپ ہے تاہم جو آرکیٹیکٹس اور ڈیزائنرز ابھی تک اس سے واقف نہیں ہوئے، وہ ایسی ایپ کا خواب ضرور دیکھتے ہونگے۔ یہ ایک منفرد ڈرائنگ ٹول ہے، جو اس کے استعمال کرنے والے کو ڈیزائن کے ہر مرحلے سے بآسانی گزار دیتا ہے۔ اس ایپ میں آئیڈیاز کو انتہائی درستگی کے ساتھ اسکیچ، ڈرا اور ڈویلپ کیا جاسکتا ہے۔ یہ ایپ پی ڈی ایف فائلز اور تصویروں پر نشانات لگانے کی اجازت دیتی ہے۔ اس ایپ کو نئے فیچرز کے ذریعے مسلسل اَپ گریڈ کیا جاتا ہے، اس کے فیچرز کے ذخائر میں نیا اضافہ Augmented Realityہے، جو ڈیزائن کرنے کے عمل کو مزید آسان بنادیتا ہے۔

(Scala Architectural Scale (iOS

اس ایپ میں ناپنے کی لامحدود استعداد رکھی گئی ہے۔ اسکالا آرکیٹیکچرل اینڈ انجینئرنگ اسکیل کے ذریعے آپ بڑی سے بڑی پرنٹ شدہ ڈرائنگز کو بھی ناپ سکتے ہیں۔ سادہ اور آسانی کے ساتھ استعمال کی جانے والی یہ انجینئرنگ ، آرکیٹیکچرل اور اسکیل ایپ ان ڈرائنگز کے طول و عرض کو بھی ناپ سکتی ہے، جن کا سائز تک معلوم نہ ہو۔

تازہ ترین