تحریک انصاف کی حکومت نے سیاسی اقرباپروری کی ایک اور مثال قائم کردی۔ صوبائی وزیرزراعت ملک نعمان لنگڑیال نے اپنے بہنوئی نوید بھنڈر کواپنی ہی وزارت میں چیئرمین ایگریکلچر مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی لگوا دیا۔
وزیرزراعت پنجاب نعمان لنگڑیال نے پنجاب حکومت کی سیاسی نوازشات کی ٹوکری میں اپنا حصہ بھی ڈال دیا،نعمان لنگڑیال نے اپنے بہنوئی نوید بھنڈر کو اپنی ہی وزارت میں چیئرمین ایگریکلچر مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی تعینات کروا لیا۔
محکمہ زراعت کی جانب سے جاری نوٹیفیکشن کے مطابق نوید انور بھنڈر کو3 سال کے لیے ایگریکلچر مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی کا چیرمین تعینات کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال کا کہنا تھا کہ نوید بھنڈر کی تقرری میں ان کی پسند نا پسند یا تعلق داری کا کوئی عمل دخل نہیں۔
نعمان لنگڑیال کے مطا بق تمام اتھارٹیز خودمختار ہوتی ہیں اور اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کرتی ہیں۔