پاکستان جوڈو فیڈریشن کے صدر کرنل جنید عالم سائوتھ ایشین جوڈو فیڈریشن کے اگلے چار سال کی مدت کے لئے نائب صدر منتخب ہوگئے، ان کا انتخاب متحدہ عرب امارات میں ہونے والے فیڈریشن کے اجلاس میں کیا گیا جس میں پاکستان فیڈریشن کے نائب صدر مسعود احمد کو ڈائریکٹر ایجوکیشن اینڈ کوچنگ کمیشن منتخب کیا گیا٭ سندھ سافٹ بال ایسوسی ایشن کے زیراہتمام چھٹی انٹرڈویژنل خواتین سافٹ بال چیمپئن شپ 26 سے28 اپریل تک حیدرآباد میں کھیلی جائے گی چیمپیئن شپ میں میزبان اور دفاعی چیمپئین حیدرآباد کے علاوہ کراچی، سکھر، میرپورخاص، لاڑکانہ اور شہید بینظیرآباد کی ٹیمیں شرکت کریں گی حیدرآباد کلب میں منعقد ہونے والی چیمپئین شپ فلڈلائٹس میں کھیلی جائے گی،محمدناصر آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین،پرویزاحمدشیخ سیکریٹری جبکہ مراد حسین کوآرڈینٹرہوں گے، ایسوسی ایشن کے صدر محمدسلیم راجپوت کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں ایس ایس اے کے چیئرمین محمدعلی شاہ، سیکریٹری محمدذیشان مرچنٹ،فنانس سیکریٹری محمدناصر، جوائنٹ سیکریٹری مراد حسین ،ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ پرویزاحمدشیخ، فراز اعجاز و دیگر نے شرکت کی
٭ پہلی عیسی لیب ویٹرنز ہاکی لیگ پاک ویٹرنز یلو نے جیت لی، فائنل میں شیروانی ویٹرنز کی ٹیم کوشکست کا سامنا کرنا پڑاحیدرآباد ویٹرنز نے تیسری پوزیشن حاصل کی، کورکمانڈر کراچی لیفٹینٹ جنرل ہمایوں عزیز فائنل کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے فاتح ٹیم کو ٹرافی کے ہمراہ 50 ہزار روپے ، رنرزاپ ٹیم کو ٹرافی کے ہمراہ 25 ہزار روپے نقد انعام دیا اور سوینیئرز بھی پیش کئے ۔ اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی نارتھ ناظم آباد میںفائنل میںفاتح ٹیم کے قمر ابراہیمنے دونوں گول بنائے ، مہمان خصوصی کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز نے کہا کہ کراچی میں قومی کھیل کی رونقیں بحال ہورہی ہیں ،ہمارا تعاون قومی کھیل اور قومی کھیل سے وابستہ فیڈرنشز اور ایسوسی ایشنز کیساتھ جاری رہے گا، اس موقع پرکمانڈنٹ کارساز سلمان الیاس ، سابق قومی ہاکی کپتان حسن سردار، ڈاکٹرفرحان عیسی، کمشنر کراچی افتخار شلوانی، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر محفوظ الحق، معروف کامیڈین عمر شریف ، شجاعت شیروانی ، ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد ، شعیب محمد ، اخترالسلام ، پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی، سید سرفراز علی بھی موجود تھے
٭ کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن جس تواتر سے شہر میں اس کے ایونٹ کا انعقاد کررہی ہے اس کا سہرا ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد خان اور ان کی ٹیم کے سر ہے جنہوں نے پورے سال اس کی سر گرمیاں جاری رکھ کر شہر کے کھلاڑیوں کو متحرک رکھا ہوا ہے، پچھلے ہفتے آرام باغ باسکٹ بال کورٹ پر بہادر علی شہید باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا آغاز ہوا ،سندھ اولمپکس ایسوسی ایشن کے نائب صدر انجینئر محفوظ الحق نے خالد جمیل شمسی کے ہمراہ ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا ، افتتاحی تقریب میں کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد خان ،سیکریٹری اطلاعات عظمت اللہ خان ،انٹر نیشنل باسکٹ بال پلیئر عبدالناصر اور دیگر موجود تھے ٭ سوشل اسٹوڈنٹس فورم کے زیر اہتمام اسپیشل اولمپک کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر کمشنر کراچی افتخار احمد شلوانی نے کہا کہ اسپیشل اولمپک میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا اور اپنے ملک پاکستان کا نام روشن اور اتنی بڑی تعداد میں مڈلز حاصل کرنا ہم سب کیلئے بڑااعزاز ہے، یہ بچے اسپیشل نہیں ہے بلکہ قابل تحسین کھلاڑی ہیں انکی حوصلہ افزائی کرنا بھی عبادت ہے ، تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ نے کہا کہ یہ اسپیشل کھلاڑی ہمارا فخر ہیں ۔ تقریب سے مسعود احمد وصی، سید شائق شہاب، فہیم برنی، بیگم اسماء محمد علی شاہ، انجینئر وسیم احمد فاروقی، دانیال علوی، اسماء حسن، ڈائریکٹر انفارمیشن زینت جہاں نےبھی خطاب کیا ٭ 13ویں مینزرسہ کشی چیمپئن شپ پی ایس پی کراچی سنیٹر میں شروع ہوئی۔مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی و اسپورٹس قائمہ کمیٹی کے رکن اقبال محمد علی خان تھے جنہوں نے چیمپیئن شپ کاافتتاح کیا۔
سندھ ٹگ آف وار ایسوسی ایشن کے سیکریٹری و آرگنائزنگ سیکریٹری جاوید اقبال بیگ کے مطابق ایونٹ میں چاروں صوبوں کے علاوہ آرمی، پولیس، ریلویز اور واپڈا کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، کراچی میں ہونے والے اس ایونٹ سے کراچی اور صوبے میں رسہ کشی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی ٭ لاڑکانہ ایوان تجارت و صنعت کی طرف سےقومی بیڈمنٹن چیمپئن علی مہدی کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، لاڑکانہ ایوان تجارت و صنعت کے صدر عبد الغفار شیخ پریس کلب لاڑکانہ کے صدر بابو اقبال۔سندھ بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے صدر نثار اللہ شیخ ۔ تعلیمی بورڈ لاڑکانہ کے ڈائریکٹرا سپورٹس محمّد رمضان جمالی۔ نثار احمد شیخ ،امداد خمیسانی ،زاہد علی،خادم حسین نے شرکت کی تقریب میں علی مہدی کونقد انعامات دیا گیا۔