پاکستانی ڈرامہ انڈسڑی کی خوبصورت جوڑی ایمن خان اور منیب بٹ نے چند روز قبل عمرہ ادا کیا جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر جاری ہوتے ہی دونوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اداکار منیب بٹ نے ایمن کے ساتھ عمرہ ادا کرتے تصاویر شیئر کیں اور ساتھ ہی لکھا کہ ’الحمداللہ پہلا عمرہ ادا کیا ہے، حرم شریف کو پہلی نظر دیکھتے ہوئے ہماری کیا کیفیت تھی میں لفظوں میں بیان نہیں کر سکتا ۔‘
اسی طرح ایمن خان نے بھی اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر عمرے کی تصاویر اپنے مداحو ں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’پیار بانٹیں، نفرتیں نہیں۔‘
پاکستان ڈرامہ انڈسڑی کو بہترین ڈرامے دینے والی اداکارہ ایمن اور منیب بٹ کی یہ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی مداحوں کی جانب سے ملا جلا درعمل سامنے آیا ہے، کچھ نے انہیں عمرہ ادا کرنے پر مبارک باد دی ہے جبکہ کچھ صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔
فریال کاشف نامی صارف نے لکھا کہ مانا کہ آپ میاں بیوی ہیں مگر مقدس جگہ پر ایسے مقام کے سامنے ایسے پوز دینے کا کیا مقصد ہے ایسا لگ رہا جیسا کہ آپ کسی فیشن شو میں آئے ہوں۔
ایک صارف نے لکھاکہ لوگ مکہ مکرمہ عمرہ کرنے جاتے ہیں مگر ہمارے کچھ لوگ سیلفیز لینے اور فوٹوگرافی کے لیے چلے جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستانی ڈراموں کی یہ کامیاب جوڑی پچھلے سال ستمبر میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھی اور ان کی شادی غیر معمولی شادی تھی جو کئی دنوں تک جاری رہی تھی۔