• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف علاج کرانے باہر آئے مگر علاج نہیں کرایا،علی زیدی

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ نواز شریف علاج کروانے باہر آئے مگر علاج نہیں کروایا،نواز شریف کے سگے بھائی شہباز شریف بھاگ گئے ہیں، جہانگیر ترین کے پاس کوئی سرکاری یا پارٹی عہدہ نہیں ہے، پی ٹی آئی سے کسی نے اتحاد کیا تو ہماری شرائط پر کیا ہے۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو اور ن لیگ کے رہنما میاں جاوید لطیف بھی شریک تھے۔میاں جاوید لطیف نے کہا کہ ن لیگ کبھی نواز شریف کے بیانیہ سے دور نہیں گئی، نواز شریف کو قوم سے محبت اور ریاست کو ناقابل تسخیر بنانے کی سزا دی جارہی ہے، مریم نواز کے پارٹی عہدے کا جہانگیر ترین سے موازنہ مناسب نہیں ہوگا،قوم کیلئے سیاسی جماعتوں کو آگے بڑھنا ہوگا، قیادت کے بغیر چلنے والی تحریکوں کا انجام خوفناک ہوتا ہے۔مولابخش چانڈیو نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا پریس کانفرنس میں جہانگیر ترین کو ساتھ بٹھانا کیا توہین عدالت نہیں ہے۔علی زیدی نےکہا کہ نواز شریف علاج کروانے باہر آئے مگر علاج نہیں کروایا، سپریم کورٹ نے پوچھا کہ علاج کیوں نہیں کروایا تو کہتے ہیں ہمارا علاج پاکستان میں نہیں ہوسکتا ہے،حیرت ہے تین دفعہ وزیراعظم رہنے والے کے علاج کیلئے پاکستان میں کوئی اسپتال ہی نہیں ہے، نواز شریف کے سگے بھائی شہباز شریف بھاگ گئے ہیں، شہباز شریف کی روز لندن میں گھومنے کی ویڈیو آجاتی ہے، کبھی وہ لال جوتے اور لال ٹوپی پہنے بس اسٹیشن پر بیٹھے ہوتے ہیں۔ علی زیدی کا کہناتھا کہ جہانگیر ترین کے پاس کوئی سرکاری یا پارٹی عہدہ نہیں ہے، اگر کوئی شخص کسی کام میں تجربہ کار ہے تو اس سے رائے لینا کوئی جرم نہیں ہے، ہم کسی سے نہیں ملے وہ ہمارے پاس آئے ہیں، پی ٹی آئی سے کسی نے اتحاد کیا تو ہماری شرائط پر کیا ہے، لاپتہ افراد کے ساتھ عمران خان کے علاوہ کوئی سیاستدان نہیں تھا، نواز شریف ضیاء الحق زندہ باد کے نعرے لگاتے تھے، میاں جاوید لطیف کو برا لگتا ہے کہ ماروی میمن ڈکٹیٹر کے ساتھ تھیں، یہ جن لیڈروں کے پیچھے کھڑے وہ دونوں بھائی وہیں سے نکلے ہیں۔

تازہ ترین