لوٹن (شہزاد علی) تین رمضان المبارک کو حضرت سیدہ فاطمہ زہرہ سلام اللہ علیہ کا یوم وصال ہے۔ خاتون جنت سب سے زیادہ نبی کریم صلعم کی سیرت و صورت سے مشابہ تھیں۔ آپ کے محبین پر دوزخ حرام ہے، سیدہ کے القابات میں زہرا، طاہرہ، ز اکیہ، طیبہ، عابدہ، زاہدہ، راضیہ اور مرضیہ بھی ہیں، آپ کو ہر طرح کی ظاہری اور باطنی پاکیزگی حاصل تھی، آپ نے زہد و عبادت سے زندگی بسر کی ہر وقت آپ اللہ پاک کی رضا و خوشنودی پر راضی رہا کرتی تھیں، آپ کی سیرت اور کردار تمام خواتین کے لئے روشن مثال ہے۔ خاتون جنت کو اللہ پاک کے حکم پر آپ صلعم نے مولائے کائنات حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے عقد میں دیا۔ آپ صلعم کا فرمان ہے کہ بے شک دونوں مجھ سے ہیں اور میں ان میں سے ہوں۔ آپ صلعم نے حضرت فاطمہ کو اپنے جگر کا ٹکڑا فرمایا۔ خاتون جنت کے یوم وفات کی مناسبت سے جامعہ اسلامیہ غوثیہ ویسٹ بورن روڈ لوٹن پر تین رمضان المبارک کو ہی مرکزی جماعت اہلسنت اوورسیز ٹرسٹ کے جنرل سیکرٹری علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی کی زیرنگرانی خصوصی محفل کا اہتمام کیا گیا گیا، اس موقع پر علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی، علامہ قاری واجد حسین چشتی اور صاحبزادہ قاضی ضیا المصطفےٰ نے اپنے خطابات میں خاتون جنت کی سیرت عظمت و کردار کو بیان کیا، علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی نے کہا کہ خاتون جنت حضرت سیدہ فاطمہ زہرہ سلام اللہ علیہ کے مراتب اور فضائل بہت بلند ہیں خواتین ان کی زندگی سے رہنمائی حاصل کریں، انہوں نے اس موقع پر امت مسلمہ اور تحریک آزادئ کشمیر کی کامیابی کے علاوہ بیماروں کی شفا کے لئے خاتون جنت کے وسیلے سے خصوصی دعائیں بھی کیں۔ الحرا ایجوکیشنل اینڈ کلچرل ٹرسٹ لوٹن کے خطیب قاری واجد حسن چشتی نے جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن میں یوم حضرت سیدہ فاطمہ زہرہ سلام اللہ علیہ کے حوالے پروگرام کے انعقاد پر مہتمم جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی کی کاوشوں کو سراہا، مہریہ اسکول کے سربراہ نوجوان مسلم سکالر قاضی ضیا المصطفے نے بھی خاتون جنت کے مراتب اور فضائل پر روشنی ڈالی۔ غلام عباس چشتی اور دیگر نے منظوم کلام پیش کیا، جامعہ اسلامیہ لوٹن میں یوم حضرت سیدہ فاطمہ زہرہ سلام اللہ علیہ کے حوالے پروگرام شام7بجے سے لیکر نماز مغرب تک جاری رہا، آخر میں شرکاء کی تواضح افطاری سے کی گئی۔ پروگرام کے خصوصی شرکاء میں حافظ کامران، خان محبوب خان اور خلیفہ محفوظ بٹ شامل تھے۔ پروگرام میں کثیر تعداد میں عمائدین نے شرکت کی۔