• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

بینظیر، ہلیری، پریانکا میں کیا قدرِ مشترک ہے؟

مسلم ممالک کی پہلی خاتون وزیراعظم بینظیر بھٹو ، اندرا گاندھی کی پوتی پریانکا گاندھی اور امریکا کی پہلی خاتون صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن، یہ دنیائے سیاست کے جانے پہچانے نام ہیں جن کا سیاسی کیرئیر تو شاندار رہا لیکن انہیں اپنی ازدواجی زندگی میں کئی مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا رہا۔

تاہم ان تینوں خواتین کو یہ مشکلات اپنے یا اپنے خاندان کی وجہ سے نہیں ہوئیں بلکہ ان تمام کے شریکِ حیات کئی الزامات اور اسکینڈلز کےباعث خبروں کی زینت رہے جس کا نقصان ان کی بیگمات کو بھگتنا پڑا۔

پریانکا گاندھی:

جواہر لعل نہرو کی اکلوتی بیٹی اندراگاندھی کی پوتی پریانکا گاندھی جو کہ 12جنوری 1972ء کو پیدا ہوئیں، سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی اور سونیا گاندھی کی بیٹی ہیں۔ پریانکا گاندھی کی 1997ء میں رابرٹ ودرا کے ساتھ شادی ہوئی، جن سے اُن کی ملاقات ہائی اسکول میں ہوئی تھی ۔

رابرٹ ودرا ایک ممتاز سرمایہ دارہیں اوراُن کا تعلق ایک امیر گھرانے سےہے۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ پریانکاگاندھی کےلیے رابرٹ ودرا کے اسکینڈلز اکثر اُن کے لیے سیاست میں مشکلات کھڑی کرتے ہیں۔ رابرٹ ودرا پر دہلی کےسابق وزیر اعلیٰ’ اروند کیجریوال‘ نے زمین پر قبضے کا الزام لگایاتھا، بعدازاں وہ 300 کروڑ کے ہیر پھیر میں ملوث قرارپائے گئے۔

رواں سال بھارت میں جاری انتخابات میں حصہ لینے والی پریانکا گاندھی کے لیے شوہر کی بدعنوانیاں مصیبت کا سبب بن سکتی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کے شوہر پر بیرون ملک جائیدادوں کا بھی بھوت منڈلارہا ہے جن کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ انہوں نےاپنی وہ جائیدادیں ظاہر نہیں کیں ہیں۔

بینظیر بھٹو:

اسی طرح ذوالفقارعلی بھٹو کی صاحبزادی اور مسلم ممالک کی پہلی خاتون وزیراعظم بینظیر بھٹوکی زندگی بھی بہت سے زاویوں سے پریانکا گاندھی کی زندگی سے مماثلت رکھتی ہے ۔بینظیر بھٹو کی شادی 1987 میں آصف علی زرداری سے ہوئی۔ 18دسمبر 1987 کو ہونے والی ان کی یہ شادی کراچی کی یادگار تقریبات میں شمار ہوتی ہے۔

آصف زرداری پر لگنے والے کرپشن کے الزامات کی وجہ سے بے نظیر بھٹو کو سیاسی طور پر کئی ایک مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم انہوں نے ایک دلیر لیڈر کے طور پر اپنا سیاسی سفر جاری رکھا اور پاکستان کی قیادت کی۔

27دسمبر 2007 کو بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد آصف علی زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی انتخابات میں سب سے بڑی پارٹی بن کر اُبھری اور آصف علی زرداری نے پاکستان کا صدر بننے کا فیصلہ کیا۔

ہیلری کلنٹن

خود کو ایک زیرک سیاستدان کی حیثیت سے ثابت کرنے والی سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن اپنے دورِ نوجوانی میں کافی زندہ دل ہوا کرتی تھیں۔

سابق امریکی صدر براک اوباما نے ایک بار ہیلری کلنٹن کے لئےکہا تھا کہ 'امریکی تاریخ میں کوئی ایسا مرد یا عورت نہیں گزری اور نہ میں(اوباما) اور نہ ہی بل کلنٹن جو عہدہ صدارت کے لیے اتنا اہل ہو جتنی ہیلری کلنٹن ہیں۔‘

ہیلری کلنٹن کے شوہر بل کلنٹن بھی 1993 سے 2001 تک امریکا کے صدر رہ چکے ہیں۔

ہیلری کلنٹن ایک وفادار بیوی تھیں مگر اُن کے شوہر بل کلنٹن کو ہمیشہ ہی دوسری خواتین میں دلچسپی رہی ہے ۔دنیا میں جن رومانوی اور جنسی اسکینڈلز نے سیاسی طور پر تہلکہ مچایا ،ان میں سابق امریکی صدر اور ہیلری کلنٹن کے شوہر بل کلنٹن کا وائٹ ہاؤس کی ملازمہ مونیکا لیونسکی کے ساتھ تعلقات کا اسکینڈل سب سے نمایاں ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین