کوئٹہ کے علاقے سیٹلائیٹ ٹاؤن میں ہونے والے دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں تاہم تاحال واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہو سکا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام نے موقع سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور دھماکے کے مقام کو عام آمد ورفت کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
گزشتہ رات تراویح کے وقت کوئٹہ میں سیٹلائٹ ٹائون بلاک ٹو الہدٰی مسجد کے نزدیک پولیس موبائل کے قریب موٹر سائیکل میں نصب دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈی) کے پھٹنے سے 4 پولیس اہلکار شہید جبکہ 3 اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
شہید ہونے والے اہلکاروں کے نام ذوالفقار، ایم اسحاق، غلام نبی اور مشتاق شاہ ہیں، جبکہ زخمیوں میں پولیس وین ڈرائیوررحیم بخش، سعید ولد عرفان، عقیل احمد ولد ملک محمد اسماعیل، احمد سیال ولد عبدلجبار، عبدلجبار ولد عبدالغفار،صابر حسین ولد محمد اسلم بٹ، وارث ولد علی محمدکاکڑ، محمد قاسم ولد حضرت نور کاکڑ، کانسٹیبل مشتاق، قادر ولد گلزار، جمیل ولد محمد طفیل اور نبیل ولد انوشا شامل ہیں۔
اسپتال ذرائع کے مطابق 12 میں سے 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ چاروں پولیس اہلکاروں کو سپرد خاک بھی کر دیا گیا ہے۔