پاکستان رینجرز(سندھ) نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیادپر لانڈھی کے علاقے میں کارروائی کر تے ہوئے بھتہ خوری میں ملوث ملزم تاشفین علی کو گرفتار کرلیا، جس کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے۔ملزم ایم کیو ایم لندن یونٹ 86 لانڈھی کا یونٹ انچارج رہ چکا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم تاشفین علی نے اعتراف کیا کہ وہ لانڈھی سیکٹر کے سابقہ انچارج منظور لمبا کے حکم پر لانڈھی اور کورنگی کی مختلف مارکیٹوں اور فیکٹریوں سے بھتہ وصول کرتا رہا ہے۔
اس سلسلے میں ملزم نے اپنے یونٹ کے علاقے کو 7 پول میں تقسیم کیا ہوا تھا اور ہر پول میں 8 سے 10 لڑکے بھتہ لیتے تھے۔ ملزم نے مزید انکشاف کیا کہ وہ حال ہی میں ایم کیو ایم لندن کو فعال رکھنے میں مصروف عمل بھی تھا۔
ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ،ایمونیشن اور مسروقہ سامان بھی بر آمدکر لیا گیا ہے اور ملزم کو قانونی چارہ جوئی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔